News Details

13/10/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کیلئے اہم قدم کے طور پر ایک خصوصی پروگرام کے اجراء کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ زراعت کو ایک مہینے کے اندر ایک جامع اور قابل عمل پروگرام ترتیب دے کر منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مجوزہ پروگرام پر ٹائم لائنز کے مطابق عمل درآمد کیلئے ایکشن پلان بھی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے درکار تمام مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی تاکہ اس شعبے کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دے کر نہ صرف صوبے کی ڈیری مصنوعات کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے بلکہ ان مصنوعات کو بیرون ملک مارکیٹوں تک رسائی دے کر لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پید اکئے جا سکیں۔ وہ منگل کے روز محکمہ زراعت کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایگریکلچرٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ،سینئیرممبر بورڈ آف ریونیو سید ظفر علی شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ مجوزہ پروگرام کے بارے میں پالیسی گائیڈ لائن دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پروگرام کے تحت صوبے میں گوشت، دودھ اور پولٹری پیداوار کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے ان شعبوں سے وابستہ افراداوردیگر خواہشمند لوگوں کو صوبائی حکومت مالی معاونت فراہم کرے گی ۔ اُنہوںنے حکام کو مزید ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت صوبے کے موزوں اضلاع میں مال مویشیوں کو منہ کھر سمیت دیگر بیماریوں سے بچانے کیلئے ڈزیز فری زون کے قیام کیلئے بھی اقدامات تجویز کئے جائیں جبکہ ٹراﺅٹ فش سمیت دیگر ڈیری مصنوعات کو ملکی اور غیر ملکی سطح پر مارکیٹ کرنے کیلئے لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے ۔ صوبے کے شمالی اضلاع کو باغبانی اور لائیوسٹاک جبکہ جنوبی اضلاع کو زراعت کیلئے موزوں قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہا کہ ان سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گی ۔ اُنہوںنے محکمہ زراعت اور صنعت کو مل کر صوبے میں پھلوں کی گریڈنگ، پیکجنگ او ویلیو ایڈیشن کیلئے موزوں مقامات پر پلانٹس کی تنصیب پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان پھلوں کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچا کر قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لائیوسٹاک کا فروغ اُن کی ترجیحات میں سرفہرست ہے کیونکہ صوبے کی زراعت کا 70 فیصد حصہ لائیوسٹاک پر مشتمل ہے اور اس شعبے کا براہ راست تعلق عام آدمی سے ہے۔ اس شعبے کو فروغ دے کر نہ صرف صوبے کی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے بلکہ عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی بھی لائی جا سکتی ہے لہٰذا محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکمے صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبے کے طور پر لائیو سٹاک کے فروغ کیلئے مربوط انداز میں کام کریں۔ اجلاس کو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ پلان پر اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے حکام کو اسے مزید بہتر بنانے اور پلان کے تحت تمام سرگرمیوں اور منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق زراعت کے شعبے کے فروغ کیلئے اس پلان پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات بھی اُٹھارہی ہے ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ ایگر یکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے اُٹھائے جانے والے اقدامات اور سرگرمیوں کے بارے میں کسانوں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے کیلئے مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں