News Details

13/12/2021

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں " آسان کاروبار پورٹل" کے نام سے ایک ون ونڈو پورٹل کا اجراءکردیا ہے

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں نجی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر " آسان کاروبار پورٹل" کے نام سے ایک ون ونڈو پورٹل کا اجراءکردیا ہے جس کے تحت صوبے میں نئے کاروبار اور صنعتوں کے قیام کے لئے مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے درکار لائنسز، این او سیز، سرٹیفیکیٹس اور پرمٹس کے اجراءسمیت دیگر تمام سہولیات ایک ہی پورٹل پر دستیاب ہونگی۔ علاوہ ازیں اس پورٹل کے ذریعے سرمایہ کاروں اور کاروباری لوگوں کور جسٹریشن فیس اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے علاوہ عمارتی نقشوں کی منظوری کی سہولت بھی آن لائن دستیاب ہوگی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز آسان کاروبار پورٹل کا باضابطہ اجراءکیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری صنعت ہمایون خان، چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ حسن داو ¿د، ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈعلی محمود کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یہ ون ونڈو پورٹل بورڈ آف انویسمنٹ اینڈ ٹریڈ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیکنیکی معاونت سے تیار کیا ہے جس کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد گیارہ مختلف سرکاری محکموں کی خدمات اور سہولیات ایک ہی ونڈو پر آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو این او سیز، پرمٹس اور رجسٹریشن سمیت دیگر کاموں کے لئے مختلف محکموں کے الگ الگ چکر نہیں لگانے پڑےں گے اور انہیں این او سیز وغیرہ کے حصول کے پیچیدہ اور لمبے مراحل سے چھٹکارا مل جائے گا۔ اس پورٹل کے اجراءسے کاروبا اور سرمایہ کاری کے لئے این او سیز وغیرہ کے اجراءمیں شفافیت کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ اس موقع پر اپنی گفتگو میں اس پورٹل کے اجراءپرمحکمہ صنعت اور بورڈ آف انویسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پورٹل کا اجراءصوبے میں ایز آف ڈوئنگ بزنس کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے جس سے صوبے کی طرف نجی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت شروع دن ہی سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نجی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے ، صوبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند نجی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جارہی ہیں اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کے علاوہ سرمایہ کاری کے پیچیدہ مراحل کو آسان بنایا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت وہیلنگ سسٹم کے ذریعے صوبے کی اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کر رہی ہے تاکہ یہاں پر صنعتوں کو فروغ دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جا سکےں۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختوا میں نجی سرمایہ کاری کے لئے ماحول انتہائی سازگار ہے، نجی سرمایہ کارصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے آگے آئیں اور صوبائی حکومت انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔