News Details

09/01/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپر دیر کے علاقہ ڈوگ درہ میں برفباری کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور بچوں سمیت پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپر دیر کے علاقہ ڈوگ درہ میں برفباری کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور بچوں سمیت پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اپر دیر کو فوری طور پر ڈوگدرہ پہنچ کر متاثرہ خاندان سے ملنے اور انہیں درکار ہر قسم کا ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مختلف واقعات کے نتیجے میں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے حالیہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے ان بارشوں اور برفباری کی وجہ سے کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے ، متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور برفباری اور لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں کو آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے کے لئے بروقت ضروری کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ وزیر اعلی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں بے گھر لوگوں پناہ گاہوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے اور ان کے قیام و طعام کے لئے درکار تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص سردی کے اس موسم میں باہر کھلے آسمان تلے نہ سوئے ، حکومت اس مقصد کے لئے تمام تر درکار وسائل فراہم کرے گی۔