News Details

21/01/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے جمعرات کے روز بالاکوٹ ضلع مانسہرہ کے عمائدین کے ایک وفد نے ملاقات کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے جمعرات کے روز بالاکوٹ ضلع مانسہرہ کے عمائدین کے ایک وفد نے ملاقات کی اور بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے سلسلے میں مقامی آبادی کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق مختلف امورپر تبادلہ خیا ل کیا۔ وفد کی قیادت وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی احمد حسین شاہ کر رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور امتیاز حسین شاہ، وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکرٹری محمد خالق، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیڈو محمد نعیم ، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عدنان بٹینی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر سے متاثر ہونے والی آبادی کے تمام حقوق کامکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا، اس سلسلے میں متاثرین اراضی اور مقامی آبادی کے ساتھ کئے گئے وعدے اور ان کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے اور اس حوالے سے ان کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت نن ٹیکنیکل آسامیوں کو مقامی لوگوں کاحق قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ کلاس فور سمیت نن ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتی کے لئے مقامی آبادی کو پہلی ترجیح دی جائے گی اور اس مقصد کے لئے پراجیکٹ آفس پشاور کی بجائے مانسہر ہ میں قائم کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کے تحت نن ٹیکنیکل آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ ، پیڈواور مقامی افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مالکان اراضی کو معاوضوں کی ادائیگیوں کے علاوہ متاثر ہونے والے مکانات اور دیگر انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائیگا۔ متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے حکومت سے جو کچھ بھی ہوسکا وہ ضرور کیا جائے گا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد حاصل ہونے والی رائیلٹی کا خاطر خواہ حصہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا جبکہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بالاکوٹ گرڈ کو بجلی کی فراہمی سے علاقے میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سوشل اکنامک سروے سے رہ جانے والے گھروں کوبھی اس سروے میں شامل کرنے کے لئے محکمہ انرجی اینڈ پاور کے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ سوکھی کناری منصوبے سے متعلق متاثرین کی بعض شکایات کے ازالے کے لئے وزیراعلیٰ نے کمشنر ہزارہ ڈویژن کو معاملے کی چھان بین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ دریں اثناءبالاکوٹ نیوسٹی منصوبے کے متاثرین کے ایک وفد سے بھی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بالاکوٹ نیو سٹی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لئے وزیراعظم اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حکام کے ساتھ اجلاس کے بعد صوبائی حکومت نے بالاکوٹ کے متاثرین کے وسیع تر مفاد میں اس منصوبے سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ذمہ داری لے لی ہے اور اس منصوبے سے جڑے تمام مسائل کو ہمیشہ کے لئے حل کرنے کے لئے کمشنر ہزارہ ڈویژن کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔ اور اس سلسلے میں خاطر خواہ پیشرفت بھی ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں کمشنر ہزارہ اور محکمہ ہاو ¿سنگ کے حکام کا ایک اجلاس منعقد کرکے متاثرین کی مشاورت کے بعد حتمی تجاویز منظور ی کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ نیو بالاکوٹ سٹی سے متعلق تمام مسائل وہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت کا فیصلہ عوام کے بہتر مفاد میں ہوگا۔ وفد کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے علاقے میں دو ہائی سکولوں ، ایک مڈل سکول کو اپگریڈ کرنے پولیس اسٹیشن کی دوبارہ تعمیر اور سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی توسیع کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔