News Details

13/02/2022

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سے نو تعینات چیئرمین پبلک سروس کمیشن سکندر قیوم نے گزشتہ روز تعارفی ملاقات کی

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سے نو تعینات چیئرمین پبلک سروس کمیشن سکندر قیوم نے گزشتہ روز تعارفی ملاقات کی اور پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار بڑھانے اور سرکاری محکموں کے لئے بھرتیوں کے عمل میں تیزی لانے اور کمیشن کے جملہ امور کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی نے نو تعینات چیئرمین کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صوبائی پبلک سروس کمیشن کی استعداد کار میں اضافے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ نو تعینات چیئرمین کمیشن کی استعداد کار کو مطلوبہ حد تک بڑھانے اور سرکاری محکموں کے لئے بھرتیوں کے عمل میں خاطر خواہ تیز ی لانے میں اپنی قائدانہ اور انتظامی صلاحیتیں موثر انداز میں استعمال کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں تمام تر تعاون اور وسائل فراہم کرے گی۔