News Details

24/03/2022

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کاپاکستان میں اسلامی ممالک تنظیم کے وزرائے خارجہ کے48 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم ، وفاقی حکو مت اور وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پاکستان میں اسلامی ممالک تنظیم کے وزرائے خارجہ کے48 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم ، وفاقی حکو مت اور وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر غیر ملکی مندوبین کے اس اہم اجلاس کی میزبانی کو سفارتی سطح پر موجودہ حکومت کی اہم کامیابی اور پوری قوم کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے جس کے لئے وزیر اعظم عمران، حکومت اور پوری قوم مبارک کے مستحق ہیں۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے پاکستان میں اس اہم اجلاس کے انعقاد کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ اجلاس اسلامی ممالک کو درپیش مشترکہ مسائل کے حل کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں اُمت مسلمہ کا مقدمہ جس موثر انداز میں عالمی فورمز پر لڑا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا کے عالمی دن منانے کی قرار کی منظوری اسلامو فوبیا سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے موقف کی تائید ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران نے کشمیر کا مقدمہ بھی جس انداز میں عالمی فورمز پر اٹھایا ہے ماضی میں اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے بھی ایک مقبول لیڈر بن گئے ہیں، وہ اسلامی برادری کی ایک موثر آواز بن کر سامنے آئے ہیں اور پاکستان کی میزبانی میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اس اہم اجلاس کا انعقاد اس بات کا بین ثبوت ہے۔