News Details

24/03/2022

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی کی قیادت میں ضلع شانگلہ کی سیاسی شخصیات پر مشتمل ایک وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی کی قیادت میں ضلع شانگلہ کی سیاسی شخصیات پر مشتمل ایک وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی اور علاقے میں عوامی فلاح بہبود کے اقدامات اور لوگوں کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے ارکان میں شمشیر علی خان، محمد زمان، ضیاالحق، امداد اللہ، ڈاکٹر اقبال، محمد نعیم اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی تحصیل بشام کے نائب امیر شمشیر علی خان، پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما محمد زمان اور ضیا الحق جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما امداد اللہ نے اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان کی قیادت اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر بھر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کو پارٹی ٹوپیاں اور مفلر پہنائیں ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنی غلطیوں سے سیکھ کر دوسرے مرحلے میں حصہ لے گی اور بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کی عوامی مقبولیت میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سیاسی کارکنان اور نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کثیر تعدادمیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے پسماندہ اضلاع کو ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لانے پر خصوصی توجہ دے رہی اور تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں جن کی تکمیل سے ان اضلاع کے لوگ اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔