News Details

27/03/2022

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیر لوئر میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیر لوئر میں اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں بعض منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ان منصوبوں میں چکدرہ تا دیر موٹروے، چکدرہ بائی پاس روڈ، تیمرگرہ واٹر سپلائی اسکیم، دیر میڈیکل کالج، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تیمرگرہ کی کیٹیگری اے میں اپگریڈیشن، یونیورسٹی کیمپس کی مکمل یونیورسٹی میں اپگریڈیشن، تالاش بائی پاس روڈ، خال گریٹر واٹر سپلائی اسکیم، تیمرگرہ اسپورٹس کمپلیکس، گوپلم ایریگیشن اسکیم اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود لوئر دیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہوسکیں اور عوام بلاتاخیر ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ دیر میں جاری تمام منصوبے اسی دور حکومت میں مکمل کئے جائیں اور نئے منظور شدہ منصوبوں پر بھی اسی دور حکومت میں عملی کام کا آغاز کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز دیر لوئر کے معززین علاقہ اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پر مشتمل دو الگ الگ وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی ملک شفیع اللہ خان اور دیر لوئر سے ممبر صوبائی اسمبلی ہمایون خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کرکے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دیرکو وہ اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، دیر کی عوام کو درپیش مسائل کا انہیں بھر پور ادراک ہے اور وہ شروع دن ہی سے علاقے کی پسماندگی کو دور کرنے اور لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں دیر لوئر اور دیر اپر میں جتنے ترقیاتی منصوبے منظور کئے گئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی پسماندگی اور علاقے کی عوام کو درپیش مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیں گے اور علاقہ پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن ہوجائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میںپارٹی کا بھر پور ساتھ دیں اور پارٹی امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق کو برقرار رکھیں، ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی کے فیصلوں کو تسلیم کریں اور اس سلسلے میں اپنی ذاتی خواہشات اور مفادات کو پس پشت ڈال کر پارٹی امیدواروں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار وہی ہوگا جس کے پاس بلے کا انتخابی نشان ہوگا لہذا تمام ورکرز پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لئے مل جل کر کام کریں۔