News Details

13/04/2022

سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے

سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔ سرکاری ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس بنیادی تنخواہ کے 15 فیصد کے برابر ہو گا جو گریڈ 1 تا19 کے ملازمین کو دیا جائے گا اور اس کا اطلاق یکم مارچ2022 سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا اپنے سرکاری ملازمین کو یہ الاﺅنس دینے والا پہلا صوبہ ہے یہ الاونس سرکاری ملازمین کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے موجودہ صوبائی حکومت نے پورا کردیا۔ محمود خان نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور حکومت سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھارہی ہے، مشکل مالی صورتحال کے باوجود صوبائی حکومت نے گزشتہ سال بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا تھا ۔ اُنہوںنے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گا۔