News Details

21/05/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا محمود خان نے جمعہ کے روز ضلع سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبے سوات موٹر وے فیز ٹو کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھ دیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا محمود خان نے جمعہ کے روز ضلع سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبے سوات موٹر وے فیز ٹو کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔ 80 کلومیٹر طویل یہ موٹر وے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مجموعی طور پر 58 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے چکدرہ انٹر چینج تا فتح پور تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے سوات یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز بریکوٹ کیمپس کا بھی سنگ بنیادرکھ دیا ہے جس کا تخمینہ لاگت ایک ارب 73 کروڑ روپے ہے۔ انہوںنے تحصیل پلے گراو ¿نڈ شموزئی اور باب اودھیانہ کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بریکوٹ کی تعمیر نو کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے بریکوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سوات موٹر وے فیز ٹو کے سنگ بنیاد پر اہل سوات کو مبارکباد دی اور کہا کہ سوات موٹر وے علاقے کی پائیدار ترقی کا ضامن منصوبہ ہے جس سے پوراعلاقہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے موجودہ صوبائی حکومت کا ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے جس کا کریڈٹ پی ٹی آئی حکومت کو جاتا ہے ۔ یہ منصوبہ علاقے میں سیاحت کوفروغ دےکر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سوات موٹر وے منصوبے پر کچھ لوگوں کو تحفظات ہےں ان تحفظات پر حکومتی ٹیم ان کے ساتھ بیٹھے گی لیکن منصوبے پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو کے بعد دیر موٹر وے اورپشاور- ڈی آئی خان موٹر وے کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔ محمود خان نے کہا کہ ان کی حکومت نے علاقے کی ترقی کے لئے جو منصوبے شروع کئے ہیں وہ تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے ۔ موجودہ حکومت نے جو منصوبے شروع کئے ہیں ان کی اہمیت اور افادیت آنے والے وقتوں میں سامنے آئے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کارڈ اسکیم کے بعد انصاف فوڈ کارڈ اسکیم بھی پی ٹی آئی حکومت کا ایک غریب پرور منصوبہ ہے ۔ منصوبے کے تحت یکم جولائی سے صوبے کے مستحق خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اگلے بجٹ میں ایجوکیشن کارڈ کا بھی اجراءکیا جائے گا جس کے تحت مستحق طلبہ کو تعلیمی اخراجات کی مد میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات فلاحی ریاست کے قیام کی شروعات ہےں ۔ عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں ایک ایک کرکے پورا کر رہے ہیں اور باقی ماندہ وعدے اگلے دور حکومت میں پورے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے تین ماہ میں عام انتخابات ہوں گے اور ایک بار پھر عمران خان دو تہائی اکثریت سے وزیراعظم منتخب ہو کر اصلاحات کریں گے۔ محمود خان نے کہا کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ امپورٹڈ وزیراعظم کےساتھ بیٹھنا بھی پسند نہیں کرتے ، عمران خان کی کال پر خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام جس طرح باہر نکلے ہیں وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی حقیقی آزادی مارچ کی کال پر خیبرپختونخوا کے عوام سب سے پہلے اسلام آباد پہنچیں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ خیبرپختونخوا عمران خان کا ہے اور اسکی عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو حقیقی آزادی دلانے میں پختونوں کا سب سے اہم کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے منحرف اراکین کو نا اہل قرار دے کر پاکستان تحریک انصاف کے موقف کی تائید کی ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ باہر سے آیا ہوا ایک شخص سوات پر حکومت کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن سوات کی عوام اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گی ، وہ بندہ سوات کی عوام کا دشمن ہے ، سوات میں بجلی اور گیس کے فنڈز روک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کے جاری کردہ فنڈز ہےں اور چیف پیسکو کو تنبیہ کرتے ہیں کہ ان فنڈز کے تحت علاقے میں بجلی کے کاموں کو روکنے کی غلطی نہ کریں ۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد ، سابق وفاقی وزیر مراد سعید اور سابق ایم این اے سلیم الرحمن نے بھی جلسے سے خطاب کیا ۔صوبائی وزیر محب اللہ خان، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شرافت اور عزیز اللہ گراں بھی اس موقع پر موجود تھے۔