News Details

14/08/2022

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیغام

75 ویں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیغام وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج وطن عزیز کی بقاءو سلامتی اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستان بلا شبہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، آج ہم اپنے اسلاف کی ان قربانیوں اور جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے ان نظریات پر کار بند رہیں گے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی وجہ سے آج ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ یہ بلاشبہ ہمارے اسلاف کا ہم پر ایک عظیم احسان ہے، اس لئے اب اس مملکت خداداد کو حقیقی معنوں میں ایک آ زاد فلاحی ریاست اور ترقیافتہ ملک بنانا بھی ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔ اس مقصد کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ، نسلی اورلسانی امتیازات اور تمام تر ذاتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی حقیقی آزادی اور ترقی کیلئے یکجا ہو جائیں۔ہم آزادی کیلئے پیش کی گئی لاکھوں قربانیوں کی قیمت تو نہیں چکاسکتے البتہ آزادی کے حقیقی مقاصد حاصل کرکے اپنے اسلاف کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ملک کو داخلی ، خارجی اور مالی بحرانوں سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے ایک آزادانہ اور دیرپا حکمتِ عملی کی ضرورت ہے کیونکہ مالی خودکفالت اور معاشی استحکام ناقابل تسخیر قومی دفاع کیلئے ناگزیر ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے پاکستانی قوم کو کئی دہائیوں کے بعد عمران خان کی شکل میں ایک مخلص اور نڈر قیادت میسر آئی ہے جو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کیلئے گامزن ہے۔آئیں آج کے دن ہم سب اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم بانیان پاکستان کے وڑن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں گے اور ہم قومی مفادات کو سیاسی اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تحریک آزادی کے شہداءسمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مسلح افواج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔