News Details

19/08/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو اربن/سٹی فارسٹیشن مہم کے تحت رواں سیزن کے دوران شہری علاقوں میں شجرکاری پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو اربن/سٹی فارسٹیشن مہم کے تحت رواں سیزن کے دوران شہری علاقوں میں شجرکاری پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس مقصد کے لیے موزوں پودوں کا انتخاب کیا جائے جو سایہ دار اور تناور درخت بن سکیں۔انہوں نے صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف بھرپور کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ بالا دونوں اقدامات پر عملدرآمد کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اربن فارسٹیش مہم پر عمل درآمد کے سلسلے میں مجوزہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ،کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو رواں سیزن کے دوران اربن فارسٹیشن مہم پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ سڑکوں اورنہروں کے کنارے،سرکاری سکولوں، دفاتر، ہسپتالوں اور عمارتوں کے احاطے اور دیگر مقامات جہاں کہیں بھی جگہ دستیاب ہو وہاں پودے لگائے جائیں۔ اس کے علاوہ شہریوں کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے تاکہ وہ بھی اپنے گھروں کے ارد گرد اوردیگر دستیاب مقامات پر شجر کاری کریں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے مختلف شہری علاقوں کی مخصوص ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے پودوں کا انتخاب کیا جائے جو وقت کے ساتھ تناور درخت بن سکیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہمیں چھوٹے چھوٹے پودوں کی بجائے تناور درختوں کی زیادہ ضرورت ہے جن سے ناصرف شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ ماحول پربھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیراعلی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے قانون سازی کر چکی ہے جس پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ محمود خان نے ہدایت کی کہ مذکورہ دونوں اقدامات یعنی اربن شجرکاری اور پلاسٹک بیگز پر پابندی نہایت اہمیت کے حامل ہیں، ان پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود ان اقدامات کی مستقل نگرانی کریں گے اور ایک ماہ کے بعد پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔