News Details

23/08/2022

خیبر پختونخواحکومت نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، اپر چترال، لوئر چترال اور اپر کوہستان کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے

خیبر پختونخواحکومت نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، اپر چترال، لوئر چترال اور اپر کوہستان کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ریلیف نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ محمود خان نے عنقریب سیلاب سے متاثرہ ان اضلاع کے دوروں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جونہی موسم کی صورتحال بہتر ہوتی ہے وہ ان اضلاع کا دورہ کرکے وہاں پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کا خود جائزہ لیں گے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے پیکج کا اعلان کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو کھانے پینے سمیت فوری ضرورت کی تمام اشیاءکی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور ہر متاثرہ گھرانے تک رسائی اور امدادی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، اس سلسلے میں متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری احکامات دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔