News Details

22/09/2022

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے مجوزہ منصوبے کی اُصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے پر عمل درآمد کیلئے دو ہفتوں کے اندر ٹھوس لائحہ عمل پیش کیا جائے جبکہ منصوبے کیلئے پی سی ون کی تیاری، پراجیکٹ امپلیمنٹیشن یونٹ کے قیام سمیت تمام پیشگی انتظامات بھی مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے منگل کے روز منصوبے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے منصوبے پر عمل درآمد کیلئے کم مدتی ، وسط مدتی اور طویل مدتی ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں محکمہ پولیس اور پی ڈی ایم اے میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اس منصوبے کو معدنیات اور زراعت تک توسیع دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے شعبہ پولیس میں نہ صرف آپریشنل اور تفتیشی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے بلکہ جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں بھی محکمہ پولیس کی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں یہ ٹیکنالوجی دیگر شعبوں میں ہنگامی حالات جیسا کہ سیلاب کی صورتحال ، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات ، معدنی سرگرمیوں، ٹریفک کی صورتحال اور دیگر امور کی مو ¿ثر نگرانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے لئے بھی بہترین ٹول ثابت ہوگی۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش ، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، محکمہ خزانہ اور داخلہ کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو خیبرپختونخوا پولیس میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے مجوزہ پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کا ابتدائی تخمینہ لاگت 500 ملین روپے ہے۔ اس مقصد کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اسکیم شامل کی گئی ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ، تیز رفتار اربنائزیشن ، سابقہ فاٹا کے صوبے میں انضمام اور دیگر کثیرالجہتی چیلنجز کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر حیثیت اختیار کرچکا ہے ، جس سے نہ صرف عوام کے جان و مال کا مو ¿ثر انداز میں تحفظ یقینی ہوگا بلکہ ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو ریلیف کی فراہمی میں بھی خاطر خواہ معاونت حاصل ہوگی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یہ ایک ادارہ جاتی سیٹ اپ ہوگا جو سنٹرل ، ریجنل اور ڈسٹرکٹ کمانڈ پر مشتمل ہوگا۔ علاوہ ازیں اس اقدام کو دیر پا بنانے کے لئے پولیس سکول آف ڈرون ٹیکنالوجی کا قیام عمل میں لایا جائےگا۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ منصوبے کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے قانونی فریم ورک اور ضابطہ اخلاق سمیت دیگر ضروری اقدامات پر کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے سلسلے میں قانونی فریم ورک کو متعلقہ وفاقی قوانین اور قواعد و ضوابط کو بھی مدنظر رکھا جائے تاکہ بغیر کسی تضاد اور پیچیدگی کے ایک قابل عمل فریم ورک وضع کیا جاسکے۔ انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی بھی منظوری دی جو شعبہ پولیس کے علاوہ دیگر شعبوں اور محکموں میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گا۔