News Details

02/12/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا دورہ ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا دورہ ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد 10 میگاواٹ جبوڑی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مکمل، وزیراعلیٰ نے افتتاح کردیا۔ 300 میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور 24.37 کلومیٹر ٹھنڈیانی روڈ کابھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عمران خان کے سپاہی ہیں ، جب کہیں گے ، خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ کا ضلع مانسہرہ میں تناول تحصیل کا بھی اعلان۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مانسہرہ اور ایبٹ آباد کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں پر انہوں نے اربوں روپے مالیت کے منصوبوں کاافتتاح کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کاسنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیراعلیٰ نے 3.7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 10 میگاواٹ جبوڑی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کیا جس سے سالانہ 38 کروڑ روپے کی آمدن ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے 300 میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو کہ 95 ارب روپے کی لاگت سے سات سال میں مکمل کیا جائے گا اور سالانہ بنیادوں پر صوبے کو 15 ارب روپے کی آمدن بھی ممکن ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے ضلع مانسہرہ میں تحصیل بفہ پکھل میں ٹراوٹ فش ہیچری کا بھی افتتاح کیا جو کہ 8.5 کروڑروپے کی لاگت سے مکمل کی جارہی ہے۔ ضلع ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے پانچ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے 24.37 کلومیٹر طویل ٹھنڈیانی روڈ کی بحالی اور ریماڈلنگ کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا باضابطہ اجراءکیا جو کہ تقریباً3 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ مذکورہ منصوبہ انٹیگریٹڈ ٹووارزم ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 10 کنال اراضی پر مشتمل ریسٹ ایریا بھی شامل ہے۔ ریسٹ ایریا میں مسجد، ڈسپنسری اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپگریڈیشن کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔ہسپتال 215 بیڈز، 6 ڈائیلاسز یونٹس ، 6 ڈسپنسری یونٹس اور دیگر سہولیات پر مشتمل ہوگا۔ ایبٹ آباد شہر اور ملحقہ علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ محمودخان نے 10.5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی واٹر سپلائی سسٹم کی بحالی اور نئے واٹر ٹریٹمنٹ پلان کے قیام کا بھی سنگ بنیاد رکھاجس میں جندر باڑی اور پل کوٹ سے دو نئے واٹر سورسز، چونا کے مقام پر نئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، 16 نئے سرفیس ریزروائر کا قیام اور 193 کلومیٹر ڈسٹریبیو شن نیٹ ورک کی بحالی اور تعمیر شامل ہیں۔ یہ میگا منصوبہ خیبرپختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت مکمل کئے جائیں گے جس سے ایبٹ آباد سٹی اور ملحقہ علاقوں کے 36 ہزار گھرانے مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے شیر وان ایڈونچر فیملی پارک اور کرکٹ گراونڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو کہ ایک سال کی مدت میں 82 کروڑ روپے لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ 700 کنال رقبے پر مشتمل اس منصوبے میں واکنگ ٹریکس ، ٹریلز، کار پارکنگ ، فیملی ایریا، ٹک شاپ، ایپل باغیچہ ، کیفے ٹیریا اور گراونڈ وغیرہ شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد کے پرانے بازار کی اپلفٹنگ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو 36کروڑ روپے کی لاگت سے عمل میں لائی جائے گی۔ منصوبے میں گول منڈی مارکیٹ کی اپگریڈیشن ، سٹریٹ لائٹس اینڈ فرنیچر ، ڈرینیج سسٹم کی بحالی ، سائڈ واکنگ ٹریکس، زیبرا کراسنگ، سپیڈ ٹیبلز ، پبلک واش رومز، نورالدین پارک کی ترقی اور چلڈرن پلے ایریاکا قیام شامل ہیں۔ ضلع ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی یکساں ترقی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور سستی بجلی کے پیداواری منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ خیبرپختونخوا صوبہ ملکی ترقی میں کلیدی کردار اداکرنے کیساتھ ساتھ صوبے کے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی پاور ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کے ذریعے صوبے کے عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ضلع مانسہرہ میں تناول تحصیل کے قیام کا اعلان بھی کیا اور واضح کیا کہ جبوڑی اور بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کی آمدن کا 10 فیصد حصہ علاقے کی ترقی پر خرچ ہوگا اور مذکورہ پروجیکٹس میں نان ٹیکنیکل پوسٹوں پر مقامی افراد کی بھرتی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جبوڑ ی اور بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹس سے ضلع مانسہر ہ میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت جنوبی اضلاع میں زراعت کو فروغ دینے پر کام کر رہی ہے، اربوں روپے مالیت کا چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبہ منظور ہوچکا ہے جس کی تکمیل سے لاکھوں ایکڑ اراضی قابل کاشت بنائی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے آئندہ 30 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے اور مالی مشکلات کے باوجود ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امپورٹڈ وفاقی کابینہ کے پاس ملکی ترقی کا کوئی منصوبہ نہیں ، یہ محض قومی خزانے کو لوٹنے اور اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کرانے میں مصروف ہیں۔ یہ ٹولہ ملک کو ڈیفالٹ کرکے جائے گا ، تاہم پاکستانی قوم انہیں مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ضلع ایبٹ آباد میں پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ عمران خان کے سپاہی ہیں ، جب کہیں گے خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔ گورنر راج کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے چونکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت ہے۔اسمبلی تحلیل کرنے پر صوبائی کابینہ متفق ہیں، جب بھی پارٹی قیادت اشارہ کرے گی تو صوبائی اسمبلی کو تحلیل کر دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملک و قوم کو موجودہ سیاسی و مالی بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ واحد لیڈر ہے جو بلاتفریق پورے پاکستان قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وژن پر عمل پیرا ہے اور صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ اور پختون بلٹ میں کوئی تفریق نہیں ، صوبائی حکومت کیلئے سب کی اہمیت یکساں ہیں۔ ٹھنڈیانی روڈ بحالی منصوبہ صرف سڑک تک محدود نہیں بلکہ انٹیگریٹڈ ٹووارزم پروجیکٹ ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ اگلے مرحلے میں گھڑی حبیب اللہ اور دیگر صحت افزا مقامات کو ترقی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کے تحفظات دور کرنے پر بھی کام شروع ہے اور اعلان شدہ فنڈ کی فراہمی ہر حالت میں یقینی بنائی جائے گی ، تاہم وفاق کی جانب سے صوبے کی حق تلفی غیر جمہوری عمل ہے اور موجودہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں معاشی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔اس موقع پر اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی ، صوبائی وزیر ارشد ایوب ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ ،صوبائی مشیر داخلہ بابر سلیم سواتی ایم این اے علی خان جدون ، صالح محمد خان، عظمیٰ ریاض،ایم پی اےز نذیر عباسی، قلندرخان لودھی،اکبر ایوب، مومنہ باسط، ملیحہ علی اصغر، اور تحصیل میئر ایبٹ آباد سردار شجاع نبی اور دیگر مقامی رہنماءبھی موجود تھے۔