News Details

15/09/2018

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئین پاکستان کے آرٹیکلA 25- کے تحت "تعلیم سب کیلئے" کے مشن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئین پاکستان کے آرٹیکلA 25- کے تحت "تعلیم سب کیلئے" کے مشن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے 2013 ء میں جب پہلی بار ہم حکومت میں آئے تو تعلیم کا برا حال تھا ہم نے پانچ سال مسلسل محنت کی۔ تعلیمی بجٹ کو 63 ارب روپے سے بڑھا کر 138 ارب روپے تک لے گئے۔ صوبے کے عوام نے 2018 ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کااظہار کیا اور تحریک انصاف کو صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دوبارہ خدمت کا موقع دیا جو بلا شبہ ہمارے پانچ سالہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ہم اساتذہ کو معاشرے میں ان کا مقام دلائیں گے اور امید ہے کہ اساتذہ بھی معیاری تعلیم و تربیت کے لئے اپنی ذمہ داریاں جانفشانی سے ادا کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید حسین شریف گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول پشاور میں داخلہ مہم ستمبر2018 ء بنام " بستہ اٹھاؤ سکول آؤ" کے اجراء کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش، سیکرٹری تعلیم ارشد خان ، ڈائریکٹر تعلیم فرید خٹک، ترقیاتی پارٹنرز یو ایس ایڈ، یو این ڈی پی، اے آر سی، ایم سی ایچ ڈی اور دیگر تنظیموں کے نمائندگان ، اساتذہ کرام، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور طلباء و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم سب کیلئے تحریک انصاف کا شروع دن سے مشن اور وژن رہا ہے۔ آئین کے آرٹیکل25-A کا تقاضہ بھی ہے کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق و امتیاز تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے تحریک انصاف اس سلسلے میں اپنی پالیسی تشکیل دے چکی ہے۔ تحریک انصاف کے سابق دور حکومت میں تعلیم کے شعبے میں گراں قدر اصلاحات ہماری تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ تعلیم اور دیگر شعبوں میں تبدیلی کے اقدامات کی وجہ سے عوام نے تحریک انصاف کو دوبارہ مینڈیٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر عوام نے بڑی بھاری ذمہ داری عائد کی ہے۔ ہم نے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور بھر پور محنت کرنی ہے اپنی نئی نسل کو ہر صورت میں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے تعاون سے اپنے اہداف میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے کیونکہ حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی امید ہے کہ اس بار بھی عوام اپنا تعاون یقینی بنائیں گے اور ہم سب مل کر اجتماعی سوچ کے تحت اس صوبے کو آگے لیکر جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ اس لئے معاشرے کے ہر طبقے اور فرد نے تعلیم کے فروغ جیسے اہم ترین مشن میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اور داخلہ مہم کو کامیاب بنانا ہے۔ محمود خان نے یقین دلایا کہ وہ قوم کے معمار اساتذہ کرام کو معاشرے میں ان کا مقام دلائیں گے۔ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے تعلیمی بجٹ میں مزید اضافہ کرنے اور محکمہ تعلیم کو مزید ترقی دینے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلئے تحریک انصاف کی پالیسیوں اور پچھلی حکومت کے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔ ایک تعلیم یافتہ اور باشعور قوم ہمارا حتمی ہدف ہے جس کے لئے بھر پورمحنت کریں گے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو سکول میں داخلہ دلانے کے سابق صوبائی حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت نے جو قوانین بنائے ان کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا اس سلسلے میں محکمہ قانون کو قوانین کے رولز تشکیل دینے کی ہدایت کر چکے ہیں۔ احتساب کمیشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سابق صوبائی حکومت نے ضرورت کی بنیاد پر احتساب کمیشن تشکیل دیا تھا چونکہ اب نیب کام کر رہا ہے اس لئے اس کی ضرورت نہیں رہی۔ اب مرکز میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہے جو احتساب پر یقین رکھتی ہے ہم اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن کے ملازمین کو دیگر اداروں میں ضم کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے مختلف سرکاری سکولوں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔