News Details

13/11/2018

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے کی مختلف چیک پوسٹوں پر محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے پکڑے گئے گیارہ نایاب عقاب آج وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں اپنے ہاتھوں سے کھلی فضاء میں آزاد کر دیئے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کی مختلف چیک پوسٹوں پر محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے پکڑے گئے گیارہ نایاب عقاب آج وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں اپنے ہاتھوں سے کھلی فضاء میں آزاد کر دیئے۔ یہ نایاب عقاب پچھلے روز محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے وائلڈ لائف فورس نے صوبے کے مختلف اضلاع سے دھر لئے تھے ، ڈی ایف اووائلڈ لائف نے بتایا کہ سمگلروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ان نایاب پرندوں میں آٹھ کو ڈی ایف او پشاور نے پکڑا جبکہ تین پرندوں کو ڈی ایف او بنوں نے ڈیرہ اسماعیل خان سے پکڑا جن کو بعد میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور منتقل کیا گیا تاکہ وزیر اعلیٰ اپنے ہاتھوں سے ان قیمتی عقابوں کو آزاد کر دیں۔اس موقع پر چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف نے بتایا کہ ان عقابوں کی مالیت کروڑں روپے میں بنتی ہے۔ اس موقع پر محمود خان نے محکمہ جنگلی حیات کے عملے کو سراہتے ہوئے بتایا کہ یہ نایاب پرندے ماحول میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں اور ان کی سمگلنگ اور شکار قانوناً جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے نایاب پرندوں کی موجودگی سے قدرتی ماحول میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے غیر قانونی کاموں کی بیخ کنی انتہائی ضروری ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی ،وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ، ایم پی اے اجمل وزیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔