News Details

19/01/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوآئل اینڈ گیس کمپنی کودرپیش مسائل حل کرنے کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوآئل اینڈ گیس کمپنی کودرپیش مسائل حل کرنے کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے اس امر کو خوش آئندقرار دیا کہ کمپنی اب پیشہ وارانہ خطوط پر اپنی حقیقی ذمہ داریوں کی انجام دہی اور اہداف کے حصول پر گامزن ہے۔صوبے میں تیل اور گیس کی استعداد کو ترقی اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے اور اس مقصد کیلئے سرمایہ کاروں کو آئیڈیل ماحول دیں گے، انہوں نے کرک آئل ریفائنری کا جلد افتتاح کرنے کا عندیہ دیا اور اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کی ہدایت کی۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیربرائے اطلاعات شوکت یوسفزئی ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان ، سیکرٹری توانائی ، خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمٹیڈ کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو کمپنی کے قیام ، اس کے دائرہ کار ، جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفینگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2014میں صوبے کی ہولڈنگ کمپنی کے طور پر آئل اینڈ گیس کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا،تاہم کمپنی اپنے اصل بزنس کی بجائے دیگر سرگرمیوں میں زیادہ ملوث رہی ، موجودہ حکومت کی ہدایت پر کمپنی کی سمت درست کی گئی ہے، اور اسکے بورڈ کی بھی تشکیل نو کی گئی ہے۔ اب کمپنی اپنے دائرہ کار کے اندر اصل اہداف پر توجہ دے رہی ہے، اجلاس میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے مناسب ماحول دینے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ کمپنی تیل اور گیس کی استعداد کو استعمال میں لانے کیلئے متحرک ہے، اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گی۔اس موقع پر کمپنی کے مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ لکی بلاک ستمبر 2018 کو ایوارڈ کیا گیا لکی بلاک کا ایریا بنوں ، لکی ، مروت ، اور ڈیرہ اسماعیل خان پر مشتمل ہے، ایکسپلوریشن لائسنس جاری کیا جا چکا ہے، اس منصوبے کی آپریٹر خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی ہے۔ لکی بلاک سے متوقع منافع تیس ارب روپے ہے، منصوبے پر کام شروع ہے جیو لاجیکل میپنگ اور سکاوٹنگ ہو چکی ہے، اسکے علاوہ سسزمک ٹینڈر بھی ہو چکا ہے، کمپنی نے سفارش کی کہ لکی بلاک میں توسیع کی ضرورت ہے جس پر وزیراعلیٰ نے تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس کو صوبے میں متعدد دیگر بلاکس سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ ضم شدہ نئے اضلاع میں بھی کم از کم 6بلاکس موجود ہیں،جن پر غور و فکر جاری ہے۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ گیس کے پیداواری اضلاع کے دیہات کو سلنڈر کے ذریعے گیس کی فراہمی کے ماڈل پر بھی سوچ بچار جاری ہے ۔حکومت کی اجازت اور منظوری سے مجوزہ سکیم کا اجراء کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کرک آئل ریفائنری کا جلد سنگ بنیاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ اس منصوبے پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے حطار ، رشکئی اور ڈی آئی خان کے اکنامک زون میں گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی پیش رفت طلب کی اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔