News Details

16/04/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں احساس امبریلا کے تحت مختلف پروگراموں پر عملدرآمد اور اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں احساس امبریلا کے تحت مختلف پروگراموں پر عملدرآمد اور اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ان پروگراموں میں احساس اپنا گھر، احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگار شامل ہیں۔ متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ متعلقہ محکموں اور شراکت دار اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کو اپنے اپنے پروگراموں کی مکمل اونرشپ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ احساس پروگراموں پر عملدرآمد کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، محکمے اپنے متعلقہ پروگراموں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد اور پیشرفت یقینی بنائیں، اور ان پروگراموں کے تحت قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کے اہم فلاحی منصوبے ہیں، ان پر عملدرآمد میں تاخیر قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان پروگراموں کی بھر پور تشہیر کی جائے تاکہ ذیادہ سے ذیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ نے ان پروگراموں میں صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے تناسب سے کوٹہ فراہم کرنے اور ان پروگراموں میں خواتین، خصوصی افراد، نوجوانوں اور خواجہ سراوں سمیت تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کی طرف سے پروگراموں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ احساس نوجوان پروگرام کے دو مختلف کمپوننٹس کا اجراءکر دیا گیا ہے۔ احساس نوجوان پروگرام کے پہلے مرحلے پر ایک ارب روپے کی لاگت سے بنک آف خیبر کے ذریعے عمل درآمد جاری ہے، پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کے لیے کل 9976 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اس مرحلے کے تحت اب تک نوجوانوں کے 47 کلسٹرز میں 11 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 120 کیسز چھان بین کے مراحل میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے تحت کیسز پراسس کرنے کے عمل کو سادہ اور مختصر رکھنے کی ہدایت کی اور تاکید کی کہ اگلے ایک ہفتے میں واضح پیش رفت نظر آنی چاہیے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ احساس نوجوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ دو ارب روپے کی لاگت سے اخوت کے تعاون سے لانچ کیا گیا ہے، اب تک پروگرام کے لیے 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے جو سارے تقسیم کیے جا چکے ہیں، مختلف اضلاع سے 1390 مستحق افراد اس پروگرام کے تحت بلاسود قرضہ حاصل کر چکے ہیں۔ پروگرام کے تحت مزید 2600 درخواست گزاروں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے لیے فوری طور پر مزید 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح اجلاس میں بتایا گیا کہ احساس اپنا گھر پروگرام بنک آف خیبر کے تعاون سے لانچ کیا گیا ہے، پروگرام کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے، اب تک مختلف اضلاع سے 14500 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ علاوہ ازیں احساس ہنر پروگرام کے تحت درخواستوں کی وصولی کے لیے آن لائن پورٹل کا اجراءکر دیا گیا ہے، پروگرام پر عمل درآمد کے لیے 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ ان پروگراموں کے علاوہ احساس روزگار اسکیم بھی چار ارب روپے کی لاگت سے شروع کی جارہی ہے۔