News Details
21/04/2025
ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شاندار ثقافتی، روایتی، نمائشی اور تفریحی میلہ "ڈیرہ جات فیسٹیول 2025" کا رنگا رنگ اختتام ہوا
ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شاندار ثقافتی، روایتی، نمائشی اور تفریحی میلہ "ڈیرہ جات فیسٹیول 2025" کا رنگا رنگ اختتام ہوا۔ اتوار کی شام رتہ کلاچی اسپورٹس اسٹیڈیم میں فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور تھے۔ وزیر اعلیٰ نے آف روڈ جیپ چیلنج اور دیگر مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاءمیں انعامات تقسیم کیے۔ فیسٹیول میں جیپ ریسنگ، نیزہ بازی، گھڑ سواری، باکسنگ، کبڈی، کشتی، دودا، کوڈی اور دیگر متعدد روایتی مقابلوں کے علاوہ کیٹل شو، گھوڑوں کی پریڈ، پالتو جانوروں کی نمائش، آرٹ نمائش اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا بھی شاندار انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح تلاوت و نعت کے مقابلوں سمیت دیگر ادبی سرگرمیاں بھی فیسٹیول کا حصہ تھیں۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈیرہ جات فیسٹیول کو مزید بہتر انداز میں جاری رکھنے اور مقامی ثقافت و سیاحت کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد خطے کی ثقافت، روایات، کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینا ہے جس ملک بھر سے کھلاڑیوں اور فنکاروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نہایت حوصلہ افزا ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ پر امن اور ثقافتی، تاریخی اور سیاحتی لحاظ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، ہماری فورسز اور عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور بدمنی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے، چالیس دنوں سے جاری فیسٹیول کے تحت متعدد ایونٹس کا پرامن انعقاد اور عوام کی بھرپور شرکت نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک مثبت پیغام ہے اور ہم اسی طرح مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، اپنی روایات کو برقرار رکھیں گے اور انہیں پرامن طریقے سے آنے والی نسلوں کو منتقل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر قسم کی سپورٹس، ادبی و ثقافتی سرگرمیاں ڈیرہ جات فیسٹیول کا حصہ بن چکی ہیں اور تمام طبقات کو فیسٹیول سے لطف اندوز ہونے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان تمام ایونٹس کے کامیاب انعقاد میں پولیس، ریسکیو اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور ان کی اس شاندار کارکردگی پر ان کے لیے فی اہلکار دس ہزار روپے کا اعلان کرتا ہوں۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں عمران خان کی پالیسی کے مطابق تمام اقدامات اور فیصلے میرٹ پر ہو رہے ہیں، جب سے حکومت سنبھالی، ہر طرح کے سپورٹس ایونٹس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے اور اب تک کسی بھی مقابلے میں شرکاءکی طرف سے جانبداری یا ناانصافی بارے شکایت سامنے نہیں۔ انہوں نے دیگر محکموں پر زور دیا کہ وہ بھی اپنے تمام اقدامات اور سرگرمیوں میں اسی طرح میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔