News Details
24/04/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے سنٹر میں فراہم کیے جانے والے علاج معالجے ، خدمات و سہولیات اور درپیش مسائل بارے تفصیلی بریفنگ لی۔صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد علی سیف ،احتشام علی اور ہمایون خان بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے پیرا پلیجک سنٹر کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا اور زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے پیرا پلیجک سنٹر کےلئے 50 ملین روپے خصوصی گرانٹ کی فراہمی جبکہ اگلے بجٹ میں پیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ کو 300 ملین روپے سالانہ سے بڑھا کر 400 ملین روپے کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کوپیرا پلیجک سنٹر کی ریگولر گرانٹ میں بقایا 75 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت کی اور سنٹر میں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی بنیادی سہولیات کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے پیرا پلیجک سنٹر کی توسیع کےلئے خریدی گئی اراضی کےلئے رقم کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پیرا پلیجک سنٹر معذور افراد کی بحالی کا ایک منفرد ادارہ ہے اورصوبائی حکومت اس ادارے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیرا پلیجک سنٹر کو 500 بیڈز تک توسیع دی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے کڈنی، بون میرو، لیور ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ کو بھی صحت کارڈ میں شامل کر دیا ہے تاکہ اس مہنگے علاج کا بوجھ شہریوں پر نہ پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں تھیلیسیمیا اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو بھی صحت کارڈ میں شامل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے معذور افراد کی بحالی و دیگر اقدامات میں حکومت کا ساتھ دینے پر مخیر حضرات کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ، ہمیں دل سے انکی خدمت و مدد کرنی چاہیے۔ معذوری کو کبھی بھی مجبوری نہیں بنانا چاہیے ، ہم میں دوسروں کی مدد اور آگے بڑھنے کی جستجو ہونی چاہیے اور جب ہم اجتماعی سوچ اور خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو ضرور کامیاب ہونگے۔