News Details
25/04/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ واقعے کے تناظر میں بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، ہم بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں صوبائی کابینہ کے 31ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مودی سرکار ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پہلگام واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، یہ واقعہ بھارتی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علی امین گنڈاپور نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارتی حکومت نے مذکورہ واقعے کی آڑ میں کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ملک کی سا لمیت اور قومی مفاد کے لئے ہم سب متحد ہیں، اس سلسلے میں کسی بھی قربانی کے لئے تیار ہیں۔ بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ ہمیشہ سے خطے کے امن کے لئے خطرہ رہا ہے۔