News Details

29/05/2025

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق مشاورتی اجلاسوں کے سلسلے کا آخری اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق مشاورتی اجلاسوں کے سلسلے کا آخری اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا جس میں نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے مردان ڈویژن کے مجوزہ منصوبوں پر طویل مشاورت کی گئی۔ مردان ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے حلقوں میں نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں مردان ڈویژن کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی پیشرفت کا محکمانہ وار جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت کا نیا سالانہ ترقیاتی پروگرام ایک وژنری پروگرام ہوگا جو اگلے چار سالوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ٹھوس بنیاد اور روڈ میپ بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو منتخب عوامی نمائندوں کے تجاویز کی روشنی میں ترتیب دیا جائے گا، حلقوں کی عوامی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں نئے منصوبے شامل کئے جائیں گے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں وسیع عوامی مفاد کے ٹھوس اور قابل عمل منصوبے شامل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا بیشتر حصہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے مختص کیا جائے گا جبکہ 80 فیصد یا اسے زیادہ پراگریس والے جاری منصوبوں کو اگلے سال مکمل کیا جائے گا جسے کم و بیش 50 فیصد جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہوکر اے ڈی پی سے نکل جائیں گے۔ صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کو اپنی ترجیح اور ذمہ داری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلی صوبے کا ہر حلقہ ان کا حلقہ ہے اور تمام حلقوں کو آبادی، علاقے کی پسماندگاندگی اور عوامی ضروریات کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبوں میں حصہ دیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی علاقے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔