News Details
07/06/2025
عید الاضحی کے موقع پر وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کا پیغام
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم خصوصا ًخیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالی کی رضاجوئی کے ساتھ ساتھ دوسروں کے دکھ درد کو بانٹنے کے لئے ایثار و قربانی کا احساس دلاتی ہے۔ انہوں نے عوام خصوصا ًمعاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کی اصل روح اور انسانیت کی معراج ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس بھی دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔وزیراعلی نے اس موقع پر عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور اس سلسلے میں صفائی عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ اپنے ارد گرد ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور اہم مذہبی فریضہ ہے۔
َِ<><><><><><><>