News Details

31/08/2025

وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کے اعلی حکام ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ میں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر ان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی نگرانی کی

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تیز بارشوں کی وجہ سے ضلع پشاور اور خیبر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کے اعلی حکام کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچنے اور ریسکیو آپریشنز کی بذات خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کے اعلی حکام ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ میں پہنچ کر ان علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی نگرانی کی۔ ریسکیو ٹیموں نے مختلف علاقوں سے 300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا جبکہ پی ڈی ایم اے کے اربن فلڈنگ منیجمنٹ یونٹ کی ٹیموں نے متاثرہ گھروں اور علاقوں سے ڈی واٹرنگ مشینوں کی مدد سے پانی نکالنے کے لئے بروقت آپریشنز شروع کیے۔ پشاور کے مختلف علاقوں شاہین کالونی، صفیہ ٹاون، ورسک روڈ، ریگی بالا، بڈھنی پل کے اطراف اور دیگر مقامات پر گھروں، سڑکوں اور گلی کوچوں سے بڑی مقدار میں پانی کو نکال لیا۔ اسی طرح ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے پشاور کے بڈھنی نالہ اور دارمنگی میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے نشیبی علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا اور لوگوں کو ندی نالوں سے دور رکھنے کے لئے مسجدوں میں اعلانات کئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی بروقت رسپانس کے نتیجے میں پشاور اور خیبر میں اربن فلڈنگ سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم تیز بارشوں کی وجہ سے پشاور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا۔۔ریسکیو ٹیموں نے بروقت پہنچ کر اس حادثے کے تین زخمیوں کو بروقت ہسپتال منتقل کیا۔درایں اثنا وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز ختم ہونے تک متاثرہ علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال معمول پر آنے تک متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی ٹیموں کی موجودگی یقینی بنائی جائے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کے اعلی حکام ان علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں، اربن فلڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیاء کی بروقت ترسیل کے لئے اقدامات کئے جائیں اور متاثرہ گھرانوں کے لوگوں کے مکینوں کے لئے کھانے پینے اور عارضی رہائش کا بندوبست کیا جائے۔ وزیر اعلی نے مزید اربن فلڈنگ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور اربن فلڈنگ کے خطرے سے دوچار نشیبی علاقوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کر نے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ان علاقوں میں مشینری، کشتیوں اور دیگر آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔