News Details
19/11/2025
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ آبپاشی کو صوبے میں قابل کاشت کمانڈ ایریا بڑھانے کیلئے فوری طور پر جامع پلان تےار کرنے کی ہدایت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ آبپاشی کو صوبے میں قابل کاشت کمانڈ ایریا بڑھانے کیلئے فوری طور پر جامع پلان تےار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کیلئے کمانڈ ایریا میں اضافہ ناگزیر ہے، غذائی تحفظ یقینی بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ محکمے مل بیٹھ کر آو ¿ٹ آف باکس حل تیار کریں۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ آبپاشی کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے آبپاشی انفراسٹرکچر کیلئے جدید ایسٹ (Asset)مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے اور نہر ی نظام کی جی آئی ایس میپنگ اور مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری کی ہداےت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آبیانہ کلیکشن سمیت محکمہ کے تمام امور کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت اور کارکردگی دونوں میں اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں ، وزیر اعلیٰ نے جامع فلڈ کنٹیجنسی پلان تشکیل دینے جبکہ نہروں کی صفائی و مرمت کیلئے کوآرڈینیٹس اور ویڈیوز بنانے کی بھی ہدایت کی۔ محمد سہیل آفریدی نے محکمہ آبپاشی میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور اون پے اسکیل کلچر کے خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی میں درکار افرادی قوت بھرتی کی جائے۔
مزید برآں ، وزیر اعلیٰ نے زیر تعمیر سمال ڈیمز کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو ضروریات پوری کرنے کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر نہایت ضروری ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے ڈیموں کے قریب سیاحتی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی اور اس کے ذیلی اداروں، محکمہ کی ذمہ داریوں ، ترقیاتی منصوبوں، انتظامی معاملات ،قوانین، آبپاشی انفراسٹرکچر اور بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 24 لاکھ 12 ہزار سے زائد ایکڑ رقبہ قابل کاشت ہے۔ سمال ڈیمز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں چھوٹے ڈیمز کے ذریعے 3 لاکھ 21 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ قابل کاشت بنایا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 24 سمال ڈیمز زیر تعمیر ہیں جن کی تکمیل سے مزےد 61 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ قابل کاشت بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔