عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا پیغام

2021-05-01

عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا پیغام وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقہ کی عزت ، وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مزدوروںکا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ، محنت کشوں خصوصاً کانو ں میں کام کرنے والے مزدوروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے موثر قوانین سازی کے ساتھ ساتھ میکینیکل مائننگ متعارف کروانے پر کام جاری ہے ۔صوبائی محکمہ محنت کی طرف سے مختلف شعبوں میں متعدد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ، ریگی للمہ پشاور میں 2056 فیملی فلیٹس کی تعمیر کے منصوبے پر کام تقریباً مکمل ہے ۔محنت کشوں کے بچوں کیلئے 713.475 ملین روپے کی مجموعی لاگت سے 18 ورکنگ فوکس گرائمر سکول اور 9 ووکیشنل انسٹیٹوٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں پراونشل ہوم بیسڈ ورکر بل اور ہوم بیسڈ ورکرز پالیسی کے مسودے تیار کرلئے گئے ہیں، اسی طرح خیبرپختونخوا آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ بل کے مسودہ کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی ہے۔ صوبے میں چائلڈ لیبر سروے پر کام جاری ہے جو 2021 ءکے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا ، صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے۔ اس اقدام کامقصد محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے پر کشش صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کارخانے لگا کر محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جا ئیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوروناکی موجود ہ صورتحال میں مزدور طبقے کو درپیش مشکلات کا صوبائی حکومت کو احساس ہے اور حکومت ان کو درپیش مشکلات کم کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔اُنہوںنے عندیہ دیا کہ صوبائی حکومت اگلے بجٹ میں یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے طبقے کو ریلیف دے گی ۔