News Details

25/01/2019

زیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینا اور مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کی صوبے کے دلفریب اور پرکشش مقامات تک آسان رسائی یقینی بنانا ہمارا حتمی ہدف ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینا اور مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کی صوبے کے دلفریب اور پرکشش مقامات تک آسان رسائی یقینی بنانا ہمارا حتمی ہدف ہے ۔ صوبائی حکومت کے سو روزہ ایجنڈا کے تحت 20 کے قریب نئے سیاحتی سپاٹس کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے، اس مجموعی عمل میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو درکار معاونت فراہم کریں گے اور اُنہیں سہولیات اور مراعات کی فراہمی پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں رکن صوبائی اسمبلی نذیر عباسی کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر، سیکرٹری سیاحت اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وفد کے سربراہ سوئس انٹر نیشنل ہوٹلز اینڈ ریزارٹس کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر مسٹر ہنری ڈبلیو ۔آر۔ کینیڈی نے انکشاف کیا کہ وہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر معیاری سہولیات سے مزین ہوٹلوں کے قیام کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پشاور اور سوات جبکہ دوسرے مرحلے میں مردان ، چترال اورملاکنڈمیں ہوٹلوں کی تعمیر کا پلان بنایا گیا ہے تاہم اجلاس کی تجویز پر وفد نے نئے سیاحتی سپاٹس کی ترقی میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ۔ وفد کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے سیاحتی پلان کے تحت نئی سائٹس بھی چترال ، ملاکنڈ اور ہزار ہ میں موجود ہیں جن تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت تیزی سے جاری ہے ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد سے جلد نئے سیاحتی مقامات تک رسائی یقینی بنائی جائے ۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ مختلف سیاحتی مقامات پر سکی ریزارٹس قائم کرنے کیلئے پاکستان ایئرفورس کے ساتھ بات کی جا چکی ہے ۔ صوبے میں سیاحت کے تیز رفتار فروغ کیلئے ٹوارزم پالیسی بنائی گئی ہے ، ریگولیٹری فریم ورک مکمل ہے جبکہ قوانین کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے جن کے مسودات تقریباً تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاروں کو پشاور اور سوات میں منصوبوں کیلئے درپیش اراضی کا مسئلہ حل کرنے میں مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے سلسلے میں بھی سرمایہ کاروں کے ساتھ باضابطہ اجلاس کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے موجودہ اور نئے سیاحتی مقامات پر انفراسٹرکچر کی ترقی ، رسائی سڑکوں کی بحالی اور دیگر سہولیات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو نظر آنے والی پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ صوبے کے سیاحتی مقامات کی صنعتی خطوط پر تیز رفتار ترقی متعلقہ محکموں کا اولین اور حتمی ہدف ہونا چاہیئے ۔ اس سلسلے میں جو بھی معاونت درکار ہو گی صوبائی حکومت فراہم کرے گی