News Details

03/02/2019

.وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گڈگورننس کو بد ستور تمام شعبوں میں ترجیح حاصل رہے گی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حکمرانی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مختلف محاذوں پر کام کر چکی ہے ۔ خصوصی طور پر بچوں سے مزدوری لینے اور جبر ی مشقت کے انسداد ، صحافیوں کے تحفظ اور اُن کی فلاح کے ساتھ ساتھ صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ یورپین یونین مانیٹرنگ مشن کی رپورٹ کے سلسلے میں دس ترجیحاتی اقدامات کے حوالے سے ادارہ جاتی اصلاحات اور گڈگورننس پر مختلف محکموں کے نام اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ امر خوش آئند اور قابل ستائش ہے کہ یورپین یونین مانیٹرنگ مشن نے اپنی رپورٹ میں مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے مشن کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جسے اطمینان بخش اور قابل تعریف قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ صوبہ ایک منفرد کلچر رکھتا ہے جس کی انسان دوست روایات بچوں سے مزدوری لینے اور جبری مشقت کی حوصلہ شکنی ، بین الالمذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مجموعی انسانی حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے دس ترجیحاتی شعبوں پر اقدامات کے حوالے سے حکومت اپنے عزم میں کمی نہیں آنے دے گی ۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ دوسروں کے حقوق کے حوالے سے آگاہی میں اضافے کیلئے حکمت عملی تیار کرے ۔ ایک ترقیافتہ ، پرامن اور خوشحال معاشرے کیلئے ضروری ہے کہ افرادمعاشرہ اپنے اور دوسرے لوگوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی رکھتے ہوں ۔ محمود خان نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت حقیقی تبدیلی کیلئے انصاف اور میرٹ پر مبنی پالیسی سازی یقین بنائے گی ۔ یہ تحریک انصاف کا منشور اور پی ٹی آئی کے قائد وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ گڈگورننس کو بد ستور تمام شعبوں میں ترجیح حاصل رہے گی کیونکہ بہتر اور اچھی حکمرانی کا حتمی ہدف عوام کی خوشحالی اور بہتری ہے اور رہے گی