News Details

06/02/2019

.وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج گورنر ہاؤس پشاور کے سبزہ زار میں پودا لگایا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے آج گورنر ہاؤس پشاور کے سبزہ زار میں ایک پودا لگایا ۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، کورکمانڈرشاہین مظہر محمود اور وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر اجتماعی دعا کے بعد اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شجر کاری کی افادیت مسلمہ ہے ،ہماری حکومت نے اپنے سابقہ دور میں بلین ٹری سونامی کے ذریعے شجر کاری کا ایک بین الاقوامی ماڈل متعارف کروایا ، جسے ہر سطح پر سراہا گیا ، انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ شعور اُجاگر کرنا ہوگا کہ انسانی بقاء کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ درختوں اور پودوں کا وجود روز اوّل سے ہی بنی نوع انسان کیلئے سا یہ رحمت ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ درخت بے شمار طریقوں سے ہماری معاشی و معاشرتی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔ توانائی کا حصول ہو،زمینی کٹاؤ سے بچاؤ کا عمل ہو یا آندھیاں ،طوفان،سیلاب اور دیگر ارضی و سماوی آفات ہوں، درخت اِن سب کے خلاف ڈھال کا کام دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ درخت موسمیاتی تغیرات کے اثرا ت کو بہت حد تک کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت شجرکاری کیلئے ہر سال خطیر رقم مختص کرتی ہے، لیکن شجر کاری کو کلچر کا حصہ بنا کر ہم ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ محمود خان نے صوبے کے عوام باالخصوص زمیندار اور کسان بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اس میں بھر پور حصہ لیں۔