News Details

14/02/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کمسن تائیکوانڈو سٹار عائشہ آیاز کی ایشین تائیکوانڈو مقابلو ں میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کمسن تائیکوانڈو سٹار عائشہ آیاز کی ایشین تائیکوانڈو مقابلو ں میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے، اور انہیں انعام کے طور پر2لاکھ روپے کا چیک بھی دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عائشہ ایاز کی درخواست پر مینگورہ میں خواتین کیلئے علیحدہ میٹ لگانے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان سے آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں عائشہ ایاز نے ملاقات کی ، جس نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ساتویں فجائرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان کیلئے کانسی کا تمغہ جیتا۔وزیراعلیٰ نے ایشین تائیکوانڈو مقابلوں میں شاندار کامیابی پر کمسن کھلاڑی کو مبارکباد د ی اور کہا کہ عائشہ آیاز نے8سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرکے ملک و قوم کا سرفخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے چودہ فروری کو عائشہ ایاز کے آٹھویں یوم پیدائش پر بھی اس کو مبارکباد دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عائشہ ایاز کا اہم کارنامہ ہے کہ اس نے کم عمری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا ۔ ملاقات میں عائشہ ایاز کیساتھ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان ، صدر سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا اعجاز احمد ، سیکرٹری پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن مرتضیٰ حسن بنگش اور عائشہ کے والد اور کوچ ایاز نائیک بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عائشہ ایاز کو 2لاکھ روپے کا چیک بطور انعام پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عائشہ نے اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا اور شاندار کامیابی حاصل کی ۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ عائشہ آئندہ بھی محنت جاری رکھے گی اور کامیابی کی مزید منازل طے کریں گی۔ عائشہ کی کارکردگی اور کامیابی نے دنیا کو اچھا پیغام دیا ہے اور بتایا ہے کہ سوات میں بھی ٹیلنٹ موجود ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ انکی حکومت مردوں اور خواتین دونوں کیلئے کھیلوں کے فروغ پر کام کر رہی ہے اور صوبے بھر میں خواتین کیلئے کھیلوں کی علیحدہ سہولیات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی انہی خطوط پر کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیگی۔