News Details

27/05/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنوبی وزیرستان کے خاصادار فورس کو بند تنخواہوں کی مد میں چیک فراہم کر دیے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جنوبی وزیرستان کے خاصادار فورس کو بند تنخواہوں کی مد میں چیک فراہم کر دیے۔ قبائلی اضلاع اور خیبر پختونخواہ کے درمیان جو لکیر تھی وہ ختم ہو چکی ہے، محمود خان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے جو کہ موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کا این ایف سی ایوارڈ سے اپنے حصے کے دس ارب روپے قبائلی اضلاع کو دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت قبائلی علاقوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کاوشوں سے خاصہ دار فورس کو 10 ماہ بعد 1 ارب 22 کروڑ روپے تنخواہوںکی مد میں فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل حل کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ہدف کے حصول میں حکومت تمام تر کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی بھی صورت قبائلی اضلاع کے عوام کو مایوس ہونے نہیں دے گی اور دیگر صوبے کی نسبت ان اضلاع کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی خصوصی ہدایات کے مطابق قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت دس سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی عوامی اشتراک سے کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت جلد قبائلی اضلاع میں صوبائی حلقوں اور بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے جو ان علاقوں کی تقدیر بدل کر رکھ دے گی کیونکہ صوبائی نمائندگی اور بلدیاتی اداروں میں نمائندگی سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہو جائیں گے اور قبائلی اضلاع کے عوام اپنی تقدیر خود بنانے کے قابل ہو سکیںگے۔ وزیراعلیٰ نے عہد کیا کہ وہ خود وفاقی سطح پر پر قبائلی اضلاع کی محرومیوں کے لئے آواز بلند کریں گے اور ہر صورت ان کے مسائل حل کئے جائیںگے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے قبائلی اضلاع اجمل خان وزیر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں قبائلی اضلاع کے تمام تر محرومیاں ختم ہونگی اور ان اضلاع میں تمام قوموں کو ان کے حقوق دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کے لئے ملکی اور صوبائی قیادت سے مشاورت کیجائے گی اور عوامی مشاورت کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔