News Details

10/06/2019

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مالی وسائل پیدا کرنے پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں پیداواری شعبوں کو ترجیح دی جائیگی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مالی وسائل پیدا کرنے پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں پیداواری شعبوں کو ترجیح دی جائیگی تاکہ صوبے کی مالی بنیاد کو مضبوط کیا جا سکے ۔ ترقیاتی پروگرام کے تحت نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی پر خطیر وسائل خرچ کئے جائیں گے۔ صوبے کے بجٹ برائے مالی سال 2019-20کے حوالے سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بجٹ حقیقی معنوں میں معیشت دوست ہو گا ۔ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں خصوصاً تکمیل کے قریب میگا منصوبوں کی تکمیل ترجیح رہے گی۔ صوبے کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیداواری شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائیگی تاکہ زیادہ سے زیادہ مالی وسائل پیدا کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سیاحت ، معدنیات، توانائی اور دیگر پیداواری شعبوںمیں خاطر خواہ استعداد موجود ہے، صوبائی حکومت ان شعبوں کو اٹھانے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے جس پر عمل درآمد سے صوبے کے وسائل میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوامی فلاح کے بڑے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کئے جائےں اورسیاسی مفادات سے بالاترہو کر عوامی خدمت کیجائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بجٹ حقیقی معنوں میں عوامی ضروریات اور خواہشات کا آئینہ دار ہو گا کیونکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کی مشکلات کا ازالہ حکومتی کوششوں کا مرکز اور محور ہے۔ محمود خان نے کہا کہ صوبے کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی میں ضم شدہ اضلاع کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے کیونکہ ان کی حکومت قبائلی عوام کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں تیز تر ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہے ، اس مقصد کے لئے دستیاب وسائل کا خطیر حصہ نئے اضلاع کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کیا جائیگا۔