News Details

02/07/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پشاور کی ترقی و خوبصورتی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پشاور کی ترقی و خوبصورتی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس مقصد کیلئے پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تحت خطیر وسائل رکھے گئے ہیں۔اُنہوںنے کہا ہے کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت ہونے کی وجہ سے خصوصی توجہ اور اہمیت کا حامل ہے ۔ پشاور کی ترقی و خوبصورتی رواں مالی سال کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے پشاور میںانفراسٹرکچر کی بہتری جبکہ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جامع پلان کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پشاور اپ لفٹ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں پشاور میں جاری ترقیاتی سکیموں اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تحت خطیر وسائل خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پشاور کی ترقی اور خوبصورتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ اُ نہوں نے زیر تعمیر بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کی معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ٹریفک کا کل وقتی حل فراہم کرے گا بلکہ یہ پشاور کی مجموعی خوبصورتی میں بھی اضافے کا موجب ہوگا۔ انہوںنے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے بھی موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ محمود خان نے کہاکہ رواں مالی سال کے دوران سرکلر ریلوے پراجیکٹ کی فزیبلٹی مکمل کی جائے گی ۔ یہ منصوبہ پشاور، نوشہرہ ، چارسدہ ، مردان اور صوابی کو باہم منسلک کردے گا۔ جس سے عوام کو سفر کی تیز رفتار اور سستی سہولت سے مستفید ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پشاور شہر میں موجودہ پارکس اور دیگر تفریحی مقامات کی بحالی ممکن بنائی جائے گی جبکہ شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ پشاور شہر پورے صوبے کے عوام کا مشترکہ شہر ہے ، اس کی خوبصورتی و ترقی پورے صوبے کی ترقی ہے ۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور شہر میں تمام بڑے منصوبوں کی معیاری تکمیل صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔