News Details

18/09/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم شدہ اضلاع کیلئے انصاف روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم شدہ اضلاع کیلئے انصاف روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف روزگار سکیم قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو معاشی لحاظ سے ان کے پاوں پر کھڑا کرنے کے لئے حکومت کا بہترین اقدام ہے جس پر عملدرآمد کے سلسلے میں کسی قسم کی سست روی کی گنجائش موجود نہیں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں انصاف روزگار سکیم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید ، منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو انصاف روزگار سکیم کے تحت موصول شدہ درخواستوں، قرضوں کے تقسیم اور سکیم سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موصول شدہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور قرضوں کی شفاف انداز میں تیز رفتار تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سکیم سے مستفید ہو سکےں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سکیم ضم شدہ اضلاع میں غیر مستحکم معاشی حالات کیوجہ سے شروع کی گئی ہے ، ہم قبائلی نوجوانوں کو ان کے پاوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں اس لئے سکیم کے مقاصد کا حصول ہر حال میں یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سکیم پر عملدرآمد کے لئے مکمل ٹائم لائن لینے اور باقاعدگی سے فالواپ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ محمود خان نے کہا کہ انصاف روزگار سکیم کے تحت نوجوان اپنا کاروبار شروع کر رہے ہیں ، صرف یہ نہیں بلکہ وہ اپنے ساتھ دیگر بے روزگار نوجوانوں کو بھی کاروبار کا موقع فراہم کرتے ہیں جو قبائلی اضلاع میں معاشی مسائل کے خاتمے کی طرف ایک عملی قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی حکومت کی ترجیحات میںسرفہرست ہے ، اس مقصد کے لئے دستیاب وسائل نہایت شفاف اندازمیں بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔