News Details

30/09/2019

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع کرم کا دورہ کیا ہے جہاں اُنہوں نے صدہ اور علی زئی کے علاقوں میں دو گرڈ سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا باضابطہ افتتاح کیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع کرم کا دورہ کیا ہے جہاں اُنہوں نے صدہ اور علی زئی کے علاقوں میں دو گرڈ سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا باضابطہ افتتاح کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے ضلع کرم کے مختصر دورہ کے دوران 66 کلوواٹ کے صدہ گرڈسٹیشن کو 132 کلوواٹ تک اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا ہے جس پر 870 ملین روپے لاگت آئے گی ، وزیراعلیٰ کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت میں سے 609 ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے علی زئی گرڈ سٹیشن کی بھی 132 کلوواٹ تک اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا جس کا تخمینہ لاگت 850 ملین روپے ہے ۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے علی زئی گرڈسٹیشن کی اپ گریڈیشن کیلئے 595 ملین روپے ریلیز کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کو دونوں منصوبوں کی استعداد ، سول ورک کی نوعیت اورپیشرفت پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں بھی شرکت کی ۔ انہوںنے کہا کہ میں قبائلی اضلاع میں منعقدہ کھلی کچہریوں کا ازخود جائزہ لینے آیاہوں۔اُنہوںنے اس موقع پر ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے ساتھ راوبط مزید بڑھائے، تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل اُن کی دہلیز پرحل کرنے کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے۔