News Details

09/10/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے پر کام کر رہی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں کورئین حکومت کی دلچسپی اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ یہ صوبہ سیاحت اور صنعت کے حوالے سے موزوں ترین حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ ان کی حکومت صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحو ں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں کورئین سفیرKwak Sung-Kyuکی سربراہی میں کثیر رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انکشاف کیا گیا کہ کوریا صوبے کے شعبہ توانائی میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ اسی طرح شعبہ سیاحت میں بھی خصوصی دلچسپی لے رہا ہے۔کورئین مانکس صوبے میں موجود بدھ مت سائٹس کا پہلے بھی دورہ کر چکے ہیں اور آئندہ نومبر میں دوبارہ دورہ کرینگے۔وزیراعلیٰ نے کورئین سفیر کی صوبے کے توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے غیر معمولی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حکومت باہمی تعلقات اور سرمایہ کاری کے مزید فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔خیبرپختونخوا توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ استعداد رکھتا ہے۔ موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر ان شعبوں کو اٹھانے کیلئے کام کر رہی ہے۔اس موقع پر رہنماﺅں کی طرف سے تحفوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔