News Details

25/10/2019

قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پوراکردیا گیا۔ سب ڈویژن میرعلی شمالی وزیرستان سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے معاوضے کی منظوری پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا

قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پوراکردیا گیا:محمود خان سب ڈویژن میرعلی شمالی وزیرستان سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے معاوضے کی منظوری پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے سب ڈویژن میر علی شمالی وزیرستان سے تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد نے دہشت گردی کے باعث میرعلی بازار میں تاجروں کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضوں کی ادائیگی کی منظوری پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ میر علی بازار کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے 2809.328 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران تاجر برادری کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ احسان نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔وزیراعلیٰ نے میرعلی کے 3706 تاجروں کو معاوضے کی ادائیگی جلد یقینی بنانے کیلئے تیزتر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے میران شاہ کے متاثرین کو بھی معاوضوں کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ان کی ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی 70 سالہ محرومیوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت ایک طرف قبائلی اضلاع میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تو دوسری طرف قبائلی نوجوانوں کو ان کے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو قرضو ں کی فراہمی کا طریقہ کار سہل ترین بنانے کی ہدایت کی تاکہ مستحق نوجوان اس سکیم سے بروقت اور بھرپور استفادہ کر سکیں۔وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کو میران شاہ بازارکے تاجر برادری کے مسائل بھی جلد حل کرنے کی تاکید کی ۔صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان، وزیرقانون سلطان محمد خان ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، ایم پی اے اقبال خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ تاجر برادری کے وفد میںصدر تاجر یونین میرعلی ذہین اللہ، نائب صدر ، جنرل سیکرٹری مختا رایوب ، آئی ایس ایف کے صدر علامہ اقبال، طاہر داوڑ، محمد فیروز اور رشید اللہ شامل تھے۔