News Details

26/10/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں نئے کالجز اور ہسپتالوں کو مرحلہ وار فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں نئے کالجز اور ہسپتالوں کو مرحلہ وار فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے اس مقصد کیلئے مکمل شدہ نئی عمارتوں کو متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے اور ترجیحات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عوامی مفاد کے تحت قائم اداروں میں خدمات کی فراہمی شروع کی جا سکے ۔انہوںنے وویمن یونیورسٹی سوات اور انجینئرنگ یونیورسٹی سوات کیلئے عمارتوں کی تعمیر جلد شروع کرنے کیلئے کبل میں دستیاب اراضی کی منتقلی یقینی بنانے ،ایگرکلچر یونیورسٹی سوات کے تحت آئندہ سمیسٹر کیلئے داخلوں کا اجراءکرنے جبکہ یونیورسٹی کی مستقل عمارت کے قیام کیلئے متعلقہ حکام کو مناسب سائٹ کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں شعبہ تعلیم اور صحت میں اہم منصوبوں کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی ، وزیر زراعت محب اﷲ خان ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، وائس چانسلر ایگرکلچر یونیورسٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈینٹل کالج سوات کی عمارت آئندہ دسمبر کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی ، جس کے بعد کلاسز کا باضابطہ اجراءکیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ایگرکلچر یونیورسٹی سوات کے تحت بھی آئندہ جنوری سے داخلو ں کا اجراءکرنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیںتاہم یونیورسٹی کی مستقل عمارت کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا ابھی باقی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بریکوٹ اور لال کھو میں دستیاب اراضی کا جائزہ لے کر مناسب ترین جگہ کے جلد انتخاب کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یونیورسٹی کی تعمیر شروع کی جا سکے ۔ اُنہوںنے پیڈز ہسپتال کیلئے عمارت بھی کبل میں دستیاب اراضی پر تعمیر کرنے جبکہ سوات میں سکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے فزیبلٹی منعقد کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے ۔ اجلاس میں سوات موٹروے کے پہلے مرحلے پر کام کی پیشرفت اور دوسرے مرحلے پر کام شروع کرنے کیلئے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ محمود خان نے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر جلد کام شروع کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنے اور ٹائم لائن کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔