News Details

23/11/2019

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن اور پورے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہم نے عزم کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن اور پورے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہم نے عزم کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں امن وامان کی بحالی میں عوام نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پورے صوبے میں پسماندہ اضلاع کی ترقی و خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں ۔انہوںنے واضح کیا کہ وہ پورے صوبے کے عوام کے وزیر اعلیٰ ہیں اور پورے صوبے کی نمائندگی خوش اسلوبی سے کر رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے مخالفین کا سیاست ختم کیا ہے اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان نے ریاست مدینہ اور اسلام کی بات کی ہے، قوم سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کرکے دکھا رہے ہیں۔ہم نے اپنے آپ کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا ہے جس کیلئے صوبے میں قوانین بھی بنائے ہیں۔ ہماری نیت صاف ہے جبکہ منزل آسان ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال کبل کی اپ گریڈیشن اور تعمیر نو اور موبائل ہیلتھ سروس یونٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید، صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان، صوبائی وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی اور پاکستان تحریک انصاف مالاکنڈ ڈویڑن کے صدر وچیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ سوات میں زرعی یونیورسٹی،انجینئرنگ یونیورسٹی اور بچوں کے لئے چلڈرن ہسپتال قائم کیا جارہا ہے جس سے علاقے کے عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئی گی۔انہوںنے کہاکہ چکدرہ سے مدین تک سوات ایکسپریس وے پر جلد کام کا آغاز ہوگا، ایکسپریس وے کی تکمیل سے سوات میں سیاحت کو فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ جون ، جولائی میں انجینئرنگ یونیورسٹی،زرعی یونیورسٹی اور چلڈرن ہسپتال سمیت مختلف منصوبوں کا باضابطہ ا افتتاح بھی ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیدوشریف ائیرپورٹ پر باونڈری وال اور رن وے کاکام مکمل ہوچکا ہے اور جلد ہی مختلف پروازوں کے لئے سیدوشریف ائیرپورٹ کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس منصوبوں کے تکمیل کے بعد چکدرہ سے کبل،مٹہ اور مدین روڈ کی بلیک ٹاپنگ کی جائے گی جبکہ مختلف علاقوں تک سوئی گیس اور سڑکوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ سول ہسپتال کی اپ گریڈیشن سے اب تحصیل کبل کے عوام کو مینگورہ جانے کی ضروت نہیں پڑے گی، عوام کو اپنے ہی علاقے میں صحت کی بہتر سہولت میسر ہوںگی۔ انہوں نے کہا کہ کانجو ٹاون شپ میں بچوں کے لئے چلڈرن ہسپتال کی منظوری ہوچکی ہے جس پر جلد کام کاآغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک سے فارغ طلباءکی مشکلات کا مجھے احساس ہے جس کے لئے ہر تحصیل میں نئے ڈگری کالجز بنا رہے ہیں، نئے ڈگری کالجز سے طلباءکو سہولت اور تعلیم کے حصول میں آسانی میسر ہوگی۔ تقریب سے وفاقی وزیر برائے مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جبکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔