News Details

09/01/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے دن رات خدمت کرنی ہے اور ہر صورت عوامی توقعات پر پورا اُترنا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے دن رات خدمت کرنی ہے اور ہر صورت عوامی توقعات پر پورا اُترنا ہے۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ قبائلی اور پسماندہ اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر ترقی کے عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبائلی ضلع مہمند میں64 کلومیٹرطویل چوپان سے سرلڑا روڈ کی تعمیرجس پر تقریباً ایک ارب 18 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور ضلع مہمند کے علاقہ غیبہ چوک سے گورسل بارڈرتک 40 کلومیٹر روڈ جس پر 68 کروڑ 71 لاکھ روپے لاگت آئے گی کا افتتاح اسی مہینے متوقع ہے ۔دونوں منصوبوں کی ٹینڈرنگ ہو چکی ہے ، جبکہ افتتاح کے بعد ان منصوبوں پر سول ورک کی شروعات جلد ازجلد ممکن بنائی جائے گی ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع مہمند کے عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں ریلیف ملے گا۔ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مساجد کی سولرائزیشن ، سڑکوں کی تعمیر و بحالی و دیگر انفراسٹرکچر ، محکمہ تعلیم اور صحت کے اداروں میں انفراسٹرکچر اور سٹاف کی فراہمی ، یقینی بنائی جائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے سمیت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر اور دیگر انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اپر دیر کیلئے کئے گئے اعلانات کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے جبکہ تحصیل لرجم اور بے نظیر یونیورسٹی شرینگل کیلئے فائربریگیڈ ایمبولینسز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں صوبے کے ایم این اےز اور پارلیمانی سیکرٹریز سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کیا ہے ۔ ملاقات میں ایم این ملک انور تاج، قبائلی ضلع مہمند سے ایم این اے اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سیفران ساجد خان مہمند ، ایم این اے خیال زمان ، ایم این اے صبغت اﷲ، ایم این اے صالح محمد، اقلیتی ایم این اے جمشید تھامس و دیگر موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران صوبے کی دیر پا ترقی اور پارٹی اُمور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پورے ملک میں عوام نے منتخب کیا ہے جبکہ صوبے کے عوام نے تحریک انصاف پر دوبارہ اعتماد کرکے صوبے کی تاریخ میںدوبارہ اس سیاسی جماعت کو منتخب کیا ہے ۔ ہم نے عوام کی توقعات کے مطابق آگے چلنا ہے اور صوبے بشمول قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی کیلئے ایک ٹیم کی شکل میں کام کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دیر اپر کے دورے کے موقع پر جتنے بھی اعلانا ت کئے ہیں اس کی تکمیل ہر صورت ممکن بنائی جائے گی ۔صوبے بھر میں ترقیاتی سکیموں کی تیز تر تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔توانائی منصوبوں کے ساتھ ساتھ پورے صوبے میں صنعت کے منصوبوں کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ عوام کو روزگار کی فراہمی ممکن ہو سکے ۔ اُنہوں نے کہاکہ شڑمئی پاور پراجیکٹ دیر اپر پر متعلقہ حکام سے جلد پیشرفتی رپورٹ طلب کی جائے گی جس کے بعد اس منصوبے کی تکمیل کیلئے ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے جبکہ براول کالج کو بھی جلد ازجلد فعال کیا جائے گا۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی کام عوام اور منتخب نمائندوں کی مشاورت اور ترجیحات کے مطابق مکمل کئے جائیں گے ۔