News Details

06/04/2020

صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلا س کو صوبے میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال ، سماجی رابطوں کو کم سے کم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات پر عمل درآمد ، احساس پروگرام کے توسط سے صوبے کے کمزور طبقوں کو امداد کی فراہمی اور دیگر کئی متعلقہ اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلا س کو صوبے میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال ، سماجی رابطوں کو کم سے کم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات پر عمل درآمد ، احساس پروگرام کے توسط سے صوبے کے کمزور طبقوں کو امداد کی فراہمی اور دیگر کئی متعلقہ اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کے علاوہ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادراور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک صوبے میں کورونا کے مشتبہ کیسز کی تعداد 1211، مصدقہ کیسوں کی تعداد 340 اور ہلاکتوں کی تعداد 15 ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 33 مصدقہ اور 260 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیںجبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ اس وقت صوبے بھر میں کورونا کے متاثرین کیلئے 215 قرنطینہ مراکز ، 554 ہائی ڈیپنڈسی یونٹس اور 2400 بستروں پر مشتمل آئسولیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں جنہیں ضرورت پڑنے پر بڑھایا جائیگا۔ محکمہ صحت کے حکام کی طرف سے اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ ہسپتالوں میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کیلئے حفاظتی اشیاءکی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ اب تک مختلف اضلاع کو 26 ہزار N-95 ماسکس فراہم کئے گئے ہیں مزید فراہمی کا عمل جاری ہے جبکہ اس مقصد کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو مجموعی طور پر 175 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔ احساس پروگرام کے توسط سے صوبائی حکومت کی طرف سے ریلیف پیکج کے تحت رقوم کی تقسیم کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 22 لاکھ مستحق خاندانوں میں فی خاندان چھ ہزار روپے کے حساب سے 13 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے ، اس مقصد کیلئے مستحق خاندانوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ پیکج کے تحت رقوم کی تقسیم کیلئے میکنزم ترتیب دیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں ان مستحق خاندانوں کی نشاندہی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ رقوم کی تقسیم کے مقامات پر رش کو کم سے کم کرنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے ۔ اجلاس میں تعمیرات کی صنعت کو مخصوص ضابطہ کار کے تحت کھولنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سماجی رابطوں کو کم سے کم کرنے کے لئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو مزید موثر بنانے ، ہائی رسک علاقوں میں اس وباءکے پھیلاو ¿ کو کنٹرول کرنے اور جو جو علاقے اب تک کلیئر ہےں انہیں آنے والے دنوں میں بھی کلیئر رکھنے کےلئے مناسب اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کورونا کے خلاف جنگ میں سول انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان مثالی روابط اور ان کے موثر کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم او ر عوام ، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے اس وباءکو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیگی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کوفرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے کے لئے حفاظتی اشیاءکی فراہمی کو مزید بہتر بنانے اور صوبے میں مشتبہ مریضوں کے لئے ٹیسٹ کے استعداد کار کو مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹنگ کے استعداد کار کو بڑھانے کیساتھ ساتھ ٹیسٹ کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔