News Details

26/06/2020

صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود تمام کورونا وباءکی وجہ سے متاثرہ شعبوں کو ریلیف دینے کی نہ صرف خواہش رکھتی ہے بلکہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات بھی کر رہی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وباءکی وجہ سے ہر ایک شعبہ اور طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود تمام متاثرہ شعبوں کو ریلیف دینے کی نہ صرف خواہش رکھتی ہے بلکہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات بھی کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعہ کے روز خیبرپختونخوا بار کونسل کے منتخب عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صوبائی وزیر قانون سلطان محمد کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال میں وکلا برادری کو درپیش مشکلات کے حوالے سے بات چیت کی۔ وفد کے ارکان میں خیبرپختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین ایڈوکیٹ شاہد رضا ملک کے علاوہ سیف الرحمن، جاوید اﷲ، قیصر علی شاہ، شاہد قیوم، سجاد شاہ اور دیگر شامل تھے۔ سیکرٹری قانون مسعود احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباءاﷲ کی طرف سے ایک امتحان اور آزمائش ہے جس میں ہم سب نے ثابت قدمی کا مظاہر ہ کرنا ہے اور وباءپر جلد قابوپانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں ، ہم اجتماعی کاوش کے ذریعے ہی اس آزمائش میں سرخرو ہو سکتے ہیں ۔ حکومت اس وباءسے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہے۔ ہمیں ایک طرف وباءکے پھیلاﺅ کو روکنا ہے تو دوسری طرف لوگوں خصوصاً معاشرے کے کمزور طبقوں کو بھوک اور افلاس سے بھی بچانا ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ اس وقت حکومت کے سامنے دو اہم ترجیحات ہیں۔ کورونا کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے شعبے کو مستحکم بنانا ہے اور دوسری طرف معیشت کے پہیے کو چلانے کیلئے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرنے ہیں ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ اگلے سال کے بجٹ میں ان دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاہم حکومت نے اس مشکل مالی صورتحال کے باوجود عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے معاشرے کے ہر طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے نئے بجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا اورمشکل حالات میں ٹیکس فری بجٹ پیش کیا ہے تاکہ لوگوں پر کسی قسم کا معاشی بوجھ نہ پڑے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا بار کونسل کیلئے پانچ کروڑروپے کا امدادی چیک بھی وفد کے حوالے کیا۔وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت وکلاءبرادری کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔ وفد کے ارکان نے اُن کے مسائل سننے کیلئے وقت دینے اور اُن مسائل کے حل کی یقین دہانی کیلئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔