News Details

11/09/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع مہمند کا دورہ زیارت ماربل کان حادثہ کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع مہمند کا دورہ زیارت ماربل کان حادثہ کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع مہمند کے زیارت ماربل مائن میں حادثہ کے شہداءاور زخمیوں کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کر دیئے ۔ شہداءکے لواحقین کو فی کس 9 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے کے امدادی چیک دیئے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ حادثہ میں جاںبحق ہونے والے سات بہنوں کے اکلوتے بھائی سمیع اﷲ کے لواحقین کیلئے 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا ۔ وزیراعلیٰ محمود خان جمعہ کے روز ضلع مہمند کے مختصر دورہ پر گئے جہاں اُنہوں نے تحصیل صافی کے زیارت ماربل مائن میں حادثہ کے شہداءاور زخمیوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عارف احمد زئی، رکن قومی اسمبلی ساجد مہمند، کمشنر پشاور ، ضلع انتظامیہ ، ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متاثرین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماربل کان میں حادثہ بلا شبہ ایک غیر معمولی واقعہ اور قدرت کی طرف سے آزمائش ہے ۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ ہم غمزدہ خاندانوں کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دُعا کرتے ہیں کہ اﷲ تعالیٰ اس ناقابل تلافی نقصان پر لواحقین کو صبر و استقامت عطا فرمائے ۔ محمود خان نے کہاکہ اگر چہ انسانی جان کا کوئی نعم البد ل نہیں تاہم حکومت متاثرین کی دلجوئی اور داد رسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں ۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوںنے واضح کیا کہ وہ حادثہ کے رونما ہونے سے لیکراب تک سائٹ پر امدادی سرگرمیوں کی مجموعی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لے رہے ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ امدادی کاروائیوں میں مصروف ریسکیو اہلکاروں ، آرمی کے جوانوں اور دیگر متعلقہ اداروں کا کردار قابل ستائش ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ حالیہ سیلاب اورمذکورہ مائن حادثہ کے دوران متعلقہ اداروں نے جس مستعدی کا مظاہرہ کیا اور تیز رفتاری سے رسپانس دیا وہ واقعی قابل تعریف ہے۔ قبل ازیں حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئے دُعا بھی کی گئی