News Details

30/09/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شعبہ صحت اور اعلیٰ تعلیم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شعبہ صحت اور اعلیٰ تعلیم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کو تعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کے اولین اہداف میں شامل ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش، رکن صوبائی اسمبلی میاں شرافت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر حقیقت پسندانہ ترقیاتی حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس کے تحت منصوبوں کاٹائم لائن کے مطابق اجراءاور تیز رفتار تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ عوامی مفاد میں شروع کئے گئے منصوبوں کا جلد افتتاح چاہتے ہیں تاکہ عوام ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ ہر محکمہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کا ذمہ دار ہے۔ اس مقصد کے لئے تمام تر پیشگی لوازمات کو جلد پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کو صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موجودہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹہ کو کیٹگری 'بی' میں اپگریڈ کرنے کے حوالے سے ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور رواں سال نومبر میں منصوبے پر عملی کام شروع کردیا جائے گا، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سوات میں پیڈز ہسپتال کے قیام کے لیے زمین کی حد بندی کر لی گئی ہے جبکہ مذکورہ منصوبے کا پی سی 2 بھی متعلقہ فورم سے پہلے سے منظور ہو چکا ہے اور رواں سال دسمبر میں سول ورک شروع کر دیا جائے گا۔ سوات زرعی یونیورسٹی کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی ہو چکی ہے جس کی باضابطہ خریداری کے لیے سمری بھی متعلقہ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ آئندہ سال جنوری میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وومن یونیورسٹی سوات کے بارے میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے زمین کی حد بندی اور ہینڈنگ / ٹیکنگ آور ہوچکی ہے جبکہ عنقریب منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیدو میڈیکل کالج میں ڈینٹسٹری کالج قائم کرنے لیے پی سی 2 منظور ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کے لیے کنسلٹنٹ بھی ہائر کر لیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی سوات کے قیام کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر ہائر کر لیا گیا ہے جو منصوبے کی تمام تر سرگرمیوں کو دیکھے گا۔ منصوبے پر رواں سال دسمبر تک کام شروع کر دیا جائے گا جو آئندہ تین سال تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تمام منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں میں التواءکو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔