News Details

18/12/2020

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے نو تعینات انسپکٹر جنرل فر نٹیر کور (نارتھ)میجر جنرل عادل یامین کی وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات

ملاقات میں صوبے بالخصوص ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے صوبے بشمول ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی بحالی میں فرنٹیئر کور کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹیئر کور سمیت سکیورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ملکی سلامتی اور امن و امان کی بحالی کے لئے فرنٹیر کور سمیت دیگر تمام سکیورٹی اداروں کے کردار اور قربانیوں پر پوری قوم بجا طور پر فخر محسوس کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں ضم شدہ اضلاع میں امن و امان بحال ہوگیا ہے، ان اضلاع کی صوبے کے ساتھ انضمام کا تقریبا سارا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا گیاہے، اب حکومت کی تمام تر توجہ ان علاقوں کی تعمیر نو اور تیز رفتار ترقی پر مرکوز ہے اور حکومت اس مقصد کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ضم شدہ اضلاع کی تعمیر نو اور ترقی میں فرنٹیر کور اور دیگر سکیورٹی اداروں کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ان اضلاع میں امن و امان کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وہاں پر تعمیر و ترقی کے کاموں میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میجر جنرل عادل یامین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ سے نادرن ائیر کمانڈ کے سربراہ ائیر وائس مارشل سید فواد مسعود نے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اپنے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے ملکی دفاع کے لئے پاکستان ائیر فورس کے کردار انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی سرحدوں کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لئے پاک فضائیہ کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔