News Details

20/12/2020

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی، ان کے مسائل کا فوری حل اور انہیں ان کی دہلیز پر زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہیں

موجودہ حکومت پارٹی کے اس ایجندے کی تکمیل کے لئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ شروع دن ہی سے سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے پہلے عوام کے ساتھ جتنے بھی وعدے کئے تھے وہ تمام وعدے ایک ایک کر کے پورے کئے جائیں گے اور موجودہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے- 48 مردان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے گزشتہ روز ایم پی اے اور ڈیڈک چئیرمین مردان ملک شوکت کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور مذکورہ حلقے میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اپنے گفتگو میں وزیر اعلی نے ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے کو اپنا حلقہ اور گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت تمام اضلاع اور حلقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی علاقے اور حلقے کے ساتھ نا انصافی نہیں کی جائے گی۔ صوبے کے تمام علاقوں میں لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا حکومت اس مقصد کے لئے اضلاع کی سطح پر چھوٹے بڑے تمام ہسپتالوں میں طبی عملے اور آلات علاوہ دیگر سہولیات کی فراہمی اور ان کی تجدیدکاری کے ایک بڑے منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات مقامی سطح پر فراہم ہونگی اور انہیں بنیادی نوعیت کی طبی خدمات کے لئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنے پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں خدمات اور سہولیات کی بہتری کے سلسلے میں مردان کے تینوں بڑے ہسپتالوں کی تجدید کاری کے منصوبے کے لئے ڈیڑھ ارب روپے رکھے گئے ہیں اور یہ منصوبہ اگلے سال جون تک مکمل کیا جائے گا، اس منصوبے کی تکمیل سے مردان کے عوام ان ہسپتالوں میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ اس موقع پر وفد کے مطالبے پر وزیر اعلی نے مذکورہ حلقے میں فرش تا ساول ڈھیر تین کلومیٹر سڑک اور بابوزئی تا بارات خیل ساڑھے چھ کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان سڑکوں کی تعمیر کے پی سی ونز جلد تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وفد نے وزیر اعلی کو مذکورہ حلقے کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جونہی کورونا کی موجودہ صورتحال میں بہتری آتی ہے وہ علاقے کا دورہ کریں گے۔ وفد کے ارکان نے ملاقات کے لئے وقت دینے، ان کے مسائل کو سننے اور ان مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کرنے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو اپنی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔