News Details

14/03/2021

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں آنے والے موسم گرما کے دوران کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کا پلان تیار کر لیا ہے

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں آنے والے موسم گرما کے دوران کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کا پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے مختلف پروگرامز اور فیسٹولز منعقد کیے جائیں گے جن میں ڈیرہ جات فیسٹویل کے علاوہ ٹور دی خیبر سائکلنگ ریس، ماونٹین بائیک ریلی، قاقلشٹ فیسٹویل، چیلم جوشٹ فیسٹویل، کرم فیسٹویل، ہزارہ میوزیکل فیسٹویل، شندور پولو فیسٹویل، ناران فیسٹویل، 4×4 ٹرانز ہمالیاز ریلی اور کیلاش اوچاو فیسٹویل شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں رواں مہینے کے آخر سے لیکر اگست کے مہینے تک منعقد کی جائیں گی جن کے کامیاب انعقاد کے لئے محکمہ سیاحت، کھیل اور ثقافت پیشگی انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ اس سال موسم گرما میں صوبے میں منعقد کئے جانے والی ان سرگرمیوں میں بہت بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے جن کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ بات وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ صوبے میں سیاحت کے فروع کے لئے دیگر اقدامات اور منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لئے تمام چھوٹے بڑے سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ اور پروفائلنگ کا عمل مکمل کرکے گوگل میپ پر ڈال دیا گیا ہے اسی طرح سیاحتی مقامات میں ہوٹلز ، ریسٹ ہاوسز ، کیمپنگ پاڈز، اور دیگر ضروری خدمات اور سہولیات کی تفاصیل کی آن لائن فراہمی کے لیے ویب سائٹ اور موبائل ایپ تیار کرلئے گئے ہیں جن کی مدد سے سیاحوں کو درکار سہولیات اور خدمات کی فراہمی سے متعلق معلومات آن لائن دستیاب ہوگئی ہیں۔ مزید برآں سیاحوں کو محکمہ سیاحت کے زیر انتظام ریسٹ ہاوسز کی بکنگ اور کرایے کی ادائیگی کے لئے آن لائن بکنگ اور پیمینٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ھب کے ساتھ ساتھ 24/7 ہلیپ لائن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اور سیاح ہیلپ لا ئن نمبر 1422 پر رابطہ کرکے کسی بھی قسم کی مدد، خدمت اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ صوبے میں دس نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور انہیں مکمل سیاحتی مقامات میں ترقی دینے کے منصوبے پر ٹائم لائینز کے مطابق پیشرفت جاری ہے اس سلسلے میں فیزیبلٹی اور ماسٹر پلاننگ کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کیا جاچکا ہے اور اس سال جولائی تک منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ اسی طرح عالمی بینک کی معاونت سے صوبے میں اینٹگریٹڈ ٹورازم زونز کے قیام کے سلسلے میں ٹھنڈیانی ایبٹ آباد اور مانکیال سوات کو ترجیحی منصوبوں کے طور پر اینٹگریٹڈ ٹوارزم زونز بنانے پر بھی پیشرفت جاری ہے اور اس سال مئی کے آخر تک ان منصوبوں کے ماسٹر پلانز کی تیاری متوقع ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فیڈرل پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے پانچ مختلف سیاحتی مقامات پر ریزورٹس کی تعمیر کے منصوبے کا پی سی ون متعلقہ فورم سے منظور ہوچکا ہے اور منصوبے کی فیزیبلٹی پر کام جاری ہے۔ ان پانچ سیاحتی مقامات میں تخت سلیمان، گرم چشمہ، شیخ بدین، شولوزان اور تخت بھائی شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ صوبے میں سیاحتی مقام ترقی دینے کے لئے چھ مختلف قدرتی آبشاروں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جن میں جروگا سوات، سجی کوٹ ایبٹ آباد، امبریلا ایبٹ آباد، نوڑی ہری پور چھاجیان ہری پور اور لمچار اپر دیر شامل ہیں اور توقع ہے کہ ان آبشاروں کو مکمل سیاحتی مقامات میں ترقی دینے کا کام اس سال جون کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس کے شراکاءکو کمراٹ کیبل کار، مہوڈھنڈ جھیل، ہنڈ واٹر تھیم پارک، نوشہرہ موٹر اسپورٹس ارینا، ایوبیہ چئیر لفٹ ، بدھا کوریڈور، کیمپنگ پاڈز کے قیام اور دیگر منصوبوں کے علاوہ ڈیموں پر سیاحتی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے ان منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ رواں موسم گرما میں سیاحتی سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے تیار کردہ سمر پلان سے اتفاق کرتے ہوئے وزیر اعلی نے اس پلان میں کمراٹ اور بن شاہی فیسٹویلز کو بھی شامل کرنے اور ان تمام فیسٹویلز کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تیاریاں اور انتظامات بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبے میں سیاحت کے فروع کو موجودہ صوبائی حکومت کے ترجیحی شعبوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں پائی جانی والی سیاحتی مواقع سے بھر پور استفادہ کرکے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور صوبے کا بہتر تشخص دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے ایکو ٹوارزم کے فروغ اور سیاحتی مقامات میں قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سیکرٹری سیاحت عابد مجید کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔