News Details

19/03/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی استدعا پر خیبرپختونخوا کے میگا ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں منعقد ہواجس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ،وفاقی وزراءپرویز خٹک اور عمرایوب اور صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے علاوہ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جس میں پشاور۔ ڈی آئی خان موٹروے، چشمہ رائٹ بینک کینال اور دیرایکسپریس وے کے مجوزہ منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ان منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے سے متعلق اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ان منصوبوں کو صوبے کی پائیدار ترقی ، معاشی استحکام اور زرعی خودکفالت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے حکام کو ان منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے اور ان پر پیشرفت کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی گئی ۔ اپنی گفتگو میں چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کو صوبے کی فوڈ سکیورٹی کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ صوبائی حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے جس پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گااور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب آپشنز استعمال کئے جائیں گے تاکہ جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو زیر کاشت لاکر زرعی خود کفالت کا حصول ممکن بنایا جا سکے ۔