News Details

29/03/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جانی خیل واقعے کے سلسلے میں مذاکرات کو کامیاب بنانے اور دھرنا ختم کرنے کے اعلان پر جانی خیل قوم کے مشران کا شکریہ ادا کیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جانی خیل واقعے کے سلسلے میں مذاکرات کو کامیاب بنانے اور دھرنا ختم کرنے کے اعلان پر جانی خیل قوم کے مشران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جانی خیل واقعہ انتہائی دلخراش اور افسوسناک واقعہ تھا جس کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے پوری کوششیں کر رہی ہے تاہم حکومت کے ساتھ ساتھ عوام اور سیاسی رہنماو ¿ں سمیت سب کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بنوں میں حکومتی ٹیم اور جانی خیل مشران کے درمیان کامیاب جرگے کے بعد جرگہ مشران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مذاکرات کو کامیاب بنانے پر جرگے کے مشران، صوبائی مذاکراتی ٹیم اور انتظامیہ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ جس دن انہیں اس افسوسناک واقعے کا علم ہوا اسی دن سے وہ بحیثیت وزیر اعلیٰ قانون نافذ کرنے والے اداروں ، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چونکہ خود ان کا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جو اس طرح کے واقعات سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور اس طرح کے واقعات ذاتی طور پر ان کے لئے انتہائی تکلیف کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے واقعات کے تدارک کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے تاہم حکومت کے ساتھ ساتھ اس دھرتی پر بسنے والے سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے واقعات کو مستقل بنیادوں پر روکنے اور اپنے نو جوانوں کو ایک محفوظ مستقبل دینے کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے جرگہ مشران کو یقین دلایا کہ وہ جانی خیل کے عوام کی پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ کرنے اور علاقے کو ترقی دینے کے لئے علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ایک خصوصی ترقیاتی پیکج دیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جانی خیل واقعے کے متاثرہ خاندانوں کے لئے 25 لاکھ روپے فی خاندان معاوضوں کے چیکس بھی دیے۔